امارات سے 2آئل ٹینکر آج کراچی پہنچیں گے ،پی این ایس سی

امارات سے 2آئل ٹینکر آج کراچی پہنچیں گے ،پی این ایس سی

آئل ٹینکر کراچی اور شالامار 14 ہزار 500 میٹرک ٹن خام تیل لیکر آئیں گے تیل قلت ،توانائی سپلائی متاثر ہونے سے بچنے کیلئے اقدامات کیے جارہے ،ماہرین

کراچی(رپورٹ :محمد حمزہ گیلانی)ملک میں تیل کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن نے اپنے آئل ٹینکرز کی نئی شپمنٹ روانہ کردی ہے جس کے تحت دو آئل ٹینکر متحدہ عرب امارات سے پاکستان کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ پی این ایس سی کے مطابق دونوں بحری جہاز متحدہ عرب امارات کی اسٹیٹ فجیرہ سے خام تیل لے کر آرہے ہیں اور ان کی آمد سے مقامی سطح پر تیل کی سپلائی کو مستحکم رکھنے میں مدد ملے گی تفصیلات کے مطابق آئل ٹینکر کراچی اور آئل ٹینکر شالامار 11 اور 12 مارچ کو پورٹ قاسم پہنچیں گے ۔

پی این ایس سی ذرائع کے مطابق آئل ٹینکر کراچی تقریباً 7 ہزار میٹرک ٹن جبکہ آئل ٹینکر شالامار 7 ہزار 500 میٹرک ٹن خام تیل پاکستان لے کر آرہا ہے جس کے بعد دونوں جہازوں کی آمد کے بعد خام تیل کی دستیابی میں بہتری آئے گی اور مقامی ریفائنریز کو فیڈ اسٹاک کی فراہمی جاری رکھنے میں سہولت ملے گی ۔ادھر پی این ایس سی کے ذرائع نے بتایا کہ سعودی عرب سے پاکستان آنے والا چارٹرڈ پی الیکی آئل ٹینکر اس وقت آبنائے ہرمز کے قریب موجود ہے ۔پی این ایس سی ذرائع کے مطابق یہ جہاز اس وقت آؤٹ آف پورٹ اسٹیٹس میں ہے اور جلد ہی پاکستان کی جانب روانگی متوقع ہے ۔بحری امور ماہرین کے مطابق عالمی حالات اور خطے میں سمندری ترسیلات سے متعلق خدشات کے پیش نظر حکومت اور پی این ایس سی کی جانب سے تیل کی مسلسل درآمد کو یقینی بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی ممکنہ قلت سے بچا جاسکے اور مستقبل میں توانائی کی سپلائی چین متاثر نہ ہوسکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں