پٹرول بحران، ڈپوئوں کے باہر ٹینکروں کی لمبی قطاریں
ایران نے سرحد بند کر دی ،چار روز سے ڈپو میں پٹرول موجود نہیں،ڈرائیور صورتحال اچھی نہیں ، ایندھن پانچ سے چھ دن میں دستیاب ہوگا،معاون
شیخوپورہ (اے ایف پی)ٹینکر ڈرائیوروں نے کہا ہے کہ ایندھن کی کمی کے باعث انہیں ڈپوؤں پر طویل انتظار کرنا پڑ رہا ہے ،گزشتہ روز پاکستان بھر میں ایندھن فراہم کرنے والے درجنوں ٹینکر لاہور کے قریب ڈپوؤں کے پاس سڑک کنارے پارک نظر آئے ،ایک ٹینکر ڈرائیور عبدالشکور نے کہا گزشتہ چار روز سے ڈپو میں پٹرول موجود نہیں ،انہوں نے اے ایف پی کو بتایا ایران نے اپنی سرحد بند کر دی ہے ، ڈپو بالکل خالی پڑا ہے ، ایک ٹینکر ڈرائیور کے معاون مظہر محمود نے کہا ڈرائیور ڈپو گئے تھے ، عملے نے بتایا کہ وہاں ایندھن دستیاب نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بتایا گیا ہے ایندھن اگلے پانچ سے چھ دن میں دستیاب ہوگا،مزید کہا صورتحال اچھی نہیں ،پٹرول نہیں ہے ، اسی وجہ سے گاڑیاں یہاں کھڑی ہیں۔ یہاں یہ امرقابل ذکر ہے کہ پاکستان خلیجی ممالک سے آنے والے تیل اور گیس پر انحصار کرتا ہے اور مشرقِ وسطیٰ کے بحران کے دوران ایندھن کی ترسیل جاری رکھنے کے لیے اس ہفتے ایندھن لے جانے والے جہازوں کو بحریہ کی سکیورٹی فراہم کی گئی ہے ۔