پاکستان پوسٹ:ڈاک سروسزہفتہ میں 5دن جا ری رکھنے کا فیصلہ
سرکاری دورے بند ،پک اینڈ ڈراپ کی سہولت معطل،ایندھن میں 50فیصد کمی 60 فیصد سرکاری گاڑیوں کو عارضی طور پر کھڑا رکھا جا ئیگا ،ڈی جی پاکستان پوسٹ
اسلام آباد (ایس ایم زمان) ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ نے ادارے میں اخراجات کم کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں جبکہ ڈاک سروسز کو پانچ دن جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ، آئندہ 2 ماہ کے لیے سرکاری گاڑیوں کے لیے فراہم کیے جانے والے ایندھن میں 50 فیصد کمی کر دی گئی ہے ، سرکاری گاڑیوں کے ذریعے فیلڈ وزٹس کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ سرکاری دوروں کے دوران ذاتی گاڑیوں کے استعمال پربھی پابندی لگا دی گئی ہے ۔ افسران اور عملے کے لیے سرکاری گاڑیوں کی پک اینڈ ڈراپ کی سہولت اگلے احکامات تک معطل کر دی گئی ہے ، جہاں ممکن ہو اجلاس اور ملاقاتیں آن لائن یا ورچوئل پلیٹ فارمز کے ذریعے منعقد کی جائیں گی ، سرکاری گاڑیوں کے نجی استعمال پر مکمل پابندی ہو گی ۔
عدالتوں میں پیشی کے لیے صرف ایک نمائندہ ہی مقدمات کی پیروی کرے گا اور دیگر افسران صرف حتمی فیصلے کے مرحلے پر عدالت میں پیش ہوں گے ۔ 60 فیصد سرکاری گاڑیوں کو عارضی طور پر کھڑا رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم ڈاک اور نقد رقم کی ترسیل جیسے آپریشنل امور کے لیے استعمال ہونے والی گاڑیوں کو ضروری حد تک استعمال کیا جائے گا۔ نئی سرکاری گاڑیوں کی خریداری پر پابندی برقرار رکھی گئی ہے ۔ گریڈ 20 اور اس سے اوپر کے افسران جن کی ماہانہ تنخواہ تین لاکھ روپے یا اس سے زیادہ ہے ، کی دو دن کی تنخواہ کی کٹوتی کے معاملے پر متعلقہ حکام کارروائی کریں گے ۔ ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ نے غیر ملکی سرکاری دوروں اور غیر ضروری سرکاری ضیافتوں پر بھی پابندی عائد کر دی ہے ۔