وزارت مذہبی امور کا پی ڈبلیو ڈی ملازمین کو ضم کرنے سے ا نکار
وزیراعظم کے احکامات کے مطابق وزارت ملازمین کو قبول کرے ، وزیر ہائوسنگ
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزارت مذہبی امور نے پی ڈبلیو ڈی کے ملازمین کو اپنے ادارے میں ضم کرنے سے معذرت کر لی ۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ کا اجلاس چیئرمین سینیٹر ناصر بٹ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر ہاؤسنگ میاں ریاض پیرزادہ، سیکرٹری ہاؤسنگ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ وزارت مذہبی امور کے حکام نے پی ڈبلیو ڈی ملازمین کو اپنے ادارے میں شامل نہ کرنے سے معذرت کی جس پر وفاقی وزیر ہاؤسنگ نے وزارت مذہبی امور کے حکام کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ وزارت وزیراعظم کے احکامات کے مطابق عمل کرے اور ملازمین کو قبول کرے ۔چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ اگر وزارت نے ملازمین کو نہ لیا تو ان کے فری حج کے حقوق بند کرائے جا سکتے ہیں اور یہ معاملہ وزیراعظم کے سامنے اٹھایا جائے گا۔اجلاس میں آئی بی حکام نے ملازمین کو عید سے قبل تنخواہ دینے کی یقین دہانی کروائی۔ ڈپٹی ڈی جی آئی بی نے بتایا کہ ڈی جی آئی بی نے ملازمین کی سمری منظور کر دی ہے ۔ چیئرمین کمیٹی نے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ دیگر ادارے بھی اسی طرح ملازمین کے ساتھ برتاؤ کریں۔ڈپٹی ڈی جی ایف آئی اے نے کہا کہ پی ڈبلیو ڈی ملازمین کے مسائل جلد حل کر دئیے جائیں گے ۔