اسلام آباد ہائیکورٹ:ہفتے میں چار روزہ اوقات کار نافذ

اسلام آباد ہائیکورٹ:ہفتے میں  چار روزہ اوقات کار نافذ

اسلام آباد (اپنے نامہ نگارسے )اسلام آباد ہائیکورٹ میں چار روزہ ورکنگ ویک نافذ کردیاگیا، عدالتیں پیر تا جمعرات کھلیں گی اور ایندھن کی بچت کیلئے کفایت شعاری اقدامات فوری نافذ العمل ہوں گے ۔

 رجسٹرار آفس کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں اسلام آباد میں عدالتیں 50 فیصد استعداد کے ساتھ کام کریں گی، عدالتیں جمعہ تا اتوار بند رہیں گی، تعطیلات کے دوران عمل واٹس ایپ پر دستیاب رہے گا۔ رجسٹرار اور ایم آئی ٹی عملہ ہفتہ وار روٹیشن کی بنیاد پر گھر سے کام کرے گا، اسلام آباد کی ضلعی عدالتیں پیر تا جمعرات مکمل استعداد کے ساتھ کام کریں گی اور ڈیوٹی ججز جمعہ اور ہفتہ کو کم عملے کے ساتھ فوجداری اور دیوانی مقدمات نمٹانے کیلئے دستیاب ہوں گے ۔ آئندہ دو ماہ سرکاری گاڑیوں کے ایندھن میں کمی کی جائے گی، ہائیکورٹ کی سرکاری گاڑیوں کے ایندھن میں 50 فیصد اور ضلعی عدلیہ کی سرکاری گاڑیوں کے ایندھن میں 25 فیصد کمی کی جائے گی۔ ججز کو اسلام آباد کی حدود میں سکیورٹی گاڑی فراہم نہیں کی جائے گی، جہاں اور جب ممکن ہو وکلا کو وڈیو لنک کے ذریعے پیش ہونے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں