لاہور: 4 سرکاری ہسپتالوں میں مرگی کی ادویات نایاب
آؤٹ ڈور میں متعدد مریض ادویات نہ ملنے پر مایوس ہو کر گھروں کو واپس لوٹنے لگے ادویات کی قلت بارے مریضوں کی کوئی باضابطہ شکایت نہیں ملی:ترجمان محکمہ صحت
لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )لاہور کے 4بڑے سرکاری ہسپتالوں میں مرگی کی ادویات نایاب، مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ،آؤٹ ڈور میں علاج کیلئے آنے والے متعدد مریض ادویات نہ ملنے پر مایوس ہو کر گھروں کو واپس لوٹنے لگے ۔ذرائع کے مطابق جنرل ہسپتال اور اس سے منسلک پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز (پینز)دونوں میں ہی مرگی کے علاج کیلئے استعمال ہونے والی اہم ادویات دستیاب نہیں ہیں، اسی طرح جناح ہسپتال لاہور اور سر گنگارام ہسپتال میں بھی مذکورہ مریضوں کو ادویات نہ ملنے کی شکایات سامنے آرہی ہیں۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ ان ہسپتالوں میں نیورو لوجی کے ماہر ڈاکٹرز اور دماغی امراض کے شعبے موجود ہیں، تاہم اس کے باوجود مرگی کے مریض ادویات سے محروم ہیں۔ مریضوں اور لواحقین کا کہنا ہے کہ ادویات نہ ملنے سے بیماری میں شدت کا خدشہ بڑھ رہا ہے ۔دوسری جانب ترجمان محکمہ صحت کے کا کہنا ہے کہ مرگی کی ادویات کی عدم دستیابی کے حوالے سے محکمہ کو مریضوں کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ شکایت موصول نہیں ہوئی۔