سیکشن افسرکی 30خالی اسامیوں کیلئے امتحان22جولا ئی سے ہوگا
امیدوار کی عمر کم از کم 30سال، سیکنڈ ڈویژن یاگریڈ سی بیچلر ڈگری کا حامل ہونا ضروری ایف پی ایس سی کی امیدواروں کو 28مارچ تک درخواستیں آن لا ئن دینے کی ہدایت
اسلام آباد (ایس ایم زمان)اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے وفاقی ملازمین کی ترقی کوٹہ کے تحت آفس مینجمنٹ سروس گروپ میں سیکشن افسران کی 30خالی اسامیوں پر امتحان کے انعقادکی منظوری دے دی ، ایف پی ایس سی سیکشن آفیسرز پروموشنل امتحان (SOPE-2026)کا انعقاد کرے گا ۔ تحریری امتحان 22 جولائی سے شروع ہوگا ۔یہ امتحان تین مراحل پر مشتمل ہو گا جن میں تحریری امتحان، نفسیاتی جائزہ اور انٹرویو شامل ہیں۔ تحریری امتحان کے کل 650 نمبر ہونگے جن میں 450 نمبر لازمی اور 200 نمبر اختیاری مضامین کے ہوں گے جبکہ انٹرویو 200 نمبروں پر مشتمل ہو گا۔
تحریری امتحان میں کامیاب امیدواروں کو ہی نفسیاتی جائزے اور انٹرویو کے لیے بلایا جائے گا۔ امیدوار ہائیر ایجوکیشن کمیشن سے تسلیم شدہ ادارے کی کم از کم سیکنڈ ڈویژن یا گریڈ سی بیچلر ڈگری کا حامل ہونا ضروری ہے ۔امتحان میں شرکت کرنیوالے امیدوار کی عمر کم از کم 30 سال ہونی چاہیے ،امیدوار کے پاس بی پی ایس11 تا 16 کم از کم آٹھ سال کی باقاعدہ سرکاری ملازمت کا تجربہ ہونا ضروری ہے ۔ صوبائی حکومتوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان حکومت ، الیکشن کمیشن، وفاقی شرعی عدالت، نیم سرکاری اور خودمختار اداروں کے ملازمین امتحان میں شرکت کے اہل نہیں ہوں گے ۔ امیدوار 28 مارچ تک آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں ۔