دالوں کی پیداوار میں اضافہ ناگزیر
اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ غذا ئی تحفظ کیلئے دالوں کی پیداوار میں اضافہ ناگزیر ہے، دالوں کی مضبوط ویلیو چین کے ذریعے درآمدات پر انحصارمیں کمی ممکن ہے۔
ملک میں دالوں کی سالانہ پیداوار تقریباً 0.7 سے 0.8 ملین ٹن جبکہ قومی ضرورت تقریباً 1.6 ملین ٹن ہے جس کے باعث بڑی مقدار میں دالیں درآمد کرنا پڑتی ہیں۔ بہتر پیداوار کیلئے مؤثر پالیسی اصلاحات نافذ کرناہونگی ۔انہوں نے پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی اسلام آباد کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب کر تے ہو ئے کہا موسمیاتی تبدیلی پاکستان کے زرعی شعبے کے لئے ایک بڑا چیلنج بن کر سامنے آئی ہے جس کے باعث چاول اور گندم جیسی اہم فصلوں کی پیداوار متاثر ہو رہی ہے ۔ ایس ڈی پی آئی کے سربراہ ڈاکٹر عابد قیوم سلہری ، پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر ٹیموتھی کین اور اے سی آئی اے آر کے کنٹری ڈائریکٹرڈاکٹر منور کاظمی نے بھی بیجوں کے معیار کو بہتر بنانے اور دالوں کی کاشت میں اضافہ پر زور دیا۔