قواعدمیں ترمیم،اعلیٰ عہدوں پر بھرتی کا امتحان MCQبنیاد پر ہوگا

قواعدمیں ترمیم،اعلیٰ عہدوں پر بھرتی کا امتحان MCQبنیاد پر ہوگا

غلط جواب پر منفی مارکنگ کے تحت نمبر کاٹے جائینگے ، فیڈرل پبلک سروس کمیشن

 اسلام آباد (ایس ایم زمان)فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے گریڈ 16 تا 21 کی جنرل اسامیوں پر بھرتی کے لیے قواعد میں ترمیم کر دی اور امتحان ایم سی کیو کی بنیاد پر لینے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا غلط جواب پر منفی مارکنگ کے تحت نمبر کاٹے جائیں گے ۔ قواعد میں ترمیم کا اطلاق 15 فروری کے بعد خالی اسامیوں کیلئے بھرتی کے امتحان پر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ نئے قواعد کے تحت اب بصری طور پر معذور امیدوار کمپیوٹر پر امتحان دینے کے لیے اسلام آباد ہیڈ کوارٹرز یا کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ کے صوبائی دفاتر میں پیش ہو سکیں گے ۔

امتحانی مراکز کی تبدیلی کی درخواستیں آخری تاریخ کے 10 روز کے اندر ہی قبول کی جائیں گی ۔ جن ا سامیوں کے لیے امیدواروں کی تعداد 40 یا اس سے کم ہوگی وہاں پہلے دستاویزات کی جانچ پڑتال کی جائے گی اور صرف اہل امیدواروں کو ہی ٹیسٹ کے لیے بلایا جائے گا۔ گریڈ 16 اور 17 کے لیے 100 نمبروں کا پرچہ ہوگا جس کا دورانیہ 100 منٹ اور پاسنگ مارکس 40 فیصد ہوں گے جبکہ گریڈ 18 اور 19 کے ڈاکٹرز، جنرل مینجمنٹ، ٹیچنگ اور پروفیشنل پوسٹس کے لیے 200 نمبروں کا پرچہ 200 منٹ پر مشتمل ہوگا جس کے دو حصے ہوں گے ۔ گریڈ 18 اور 19 کے لیے ہر حصے میں 40 فیصد نمبر لینا لازم جبکہ گریڈ 20 اور 21 کے لیے پاسنگ حد 50 فیصد مقرر کی گئی ہے ، غلط جواب پر 0.25 کی کٹوتی بھی کی جائے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں