سائبر سکیورٹی خدشات، دفتر خارجہ کی اپوسٹیل سروسز عارضی طور پر معطل
آن لائن دستاویزات کی تصدیق ،اپائنٹمنٹ بکنگ ممکن نہیں، کئی سرکاری پورٹلز بھی عارضی طور پر بند صورتحال کے پیش نظر عوام سے تعاون ،صبر کا مظاہرہ کرنے کی درخواست ، پریشانی پر شہریوں سے معذرت
اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی)سائبر سکیورٹی خطرات کے پیش نظر دفتر خارجہ نے اپوسٹیل سروسز عارضی طور پر معطل کر دی ، دفتر خارجہ کے ان سسٹمز کو سائبر اٹیکس کا خدشہ ہے جس کی وجہ سے اپوسٹیل سروسز کو معطل کیا گیا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق اپوسٹیل آن لائن سروسز کو عارضی طور پر معطل کیا جا رہا ہے ، دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سائبر خطرات کے پیش نظر دستاویزات کی آن لائن تصدیق فی الحال ممکن نہیں ، درخواست گزار اب آن لائن اپائنٹمنٹ بھی بک نہیں کر سکیں گے ، سروسز مزید اطلاع تک بند رہیں گی ، سائبر سکیورٹی خطرات کے باعث کئی سرکاری پورٹلز بھی عارضی طور پر بند کر د ئیے گئے ہیں۔
پاکستان میں مختلف سرکاری اور دیگر سائٹس کو مسلسل سائبر حملوں کا سامنا ہے، اس صورتحال کے پیش نظر دفتر خارجہ نے عوام سے تعاون اور صبر کا مظاہرہ کرنے کی درخواست کی جبکہ حکومت پاکستان نے شہریوں کو پریشانی پر معذرت کی ہے ، تاہم دفتر خارجہ نے جاری پیغام میں یہ بھی بتایا ہے کہ قونصلر امور کا ڈائریکٹوریٹ پاکستان اور بیرونِ ملک پاکستانیوں کو مختلف قونصلر خدمات فراہم کرتا ہے جن میں دستاویزات کی قانونی توثیق، پاسپورٹ اور شناختی دستاویزات کی پروسیسنگ، ایمرجنسی ٹریول ڈاکومنٹس کا اجرا، بیرونِ ملک زیر حراست پاکستانیوں کو قونصلر رسائی، ضرورت مند شہریوں کی معاونت اور ویزوں کے اجرا سمیت دیگر خدمات شامل ہیں۔