وزیرتوانائی کا غفلت پر افسروں کیخلاف کارروائی کا حکم
118 کال سینٹر ڈیٹا سے کارکردگی جانچنے اور ذمہ دارافسران کے تعین کی ہدایت
اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر برائے پاور سردار اویس لغاری نے بجلی صارفین کی شکایات کے ازالے کو مزید موثر اور شفاف بنانے کے لیے بڑے فیصلے کرتے ہوئے تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کو واضح احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ ان احکامات کا مقصد صارفین کو ریلیف فراہم کرنا اور سروس ڈیلیوری میں غفلت برتنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کرنا ہے ۔
وفاقی وزیر نے ہدایت کی ہے کہ تمام بجلی تقسیم کار کمپنیاں صارفین کی شکایات کے حوالے سے خراب کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کے خلاف فوری اقدامات کریں۔ مزید برآں انہوں نے ہر ماہ 118 پلیٹ فارم کے ڈیٹا کی بنیاد پر خراب اور بہترین کارکردگی والے سب ڈویژنز کو نامزد کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں تاکہ کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے اور بہتر کارکردگی کی حوصلہ افزائی کی جا سکے ۔وفاقی وزیر نے تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے کسٹمر سروس ڈائریکٹرز کو صارفین کی شکایات کے ازالے کے حوالے سے ذمہ دار ٹھہرانے کی بھی ہدایت کی ہے ۔