کفایت شعاری مہم :سینیٹ سیکرٹریٹ اخراجات میں 70 فیصد کمی

کفایت شعاری مہم :سینیٹ سیکرٹریٹ اخراجات میں 70 فیصد کمی

ہفتے میں چار روزورکنگ، سینیٹ اجلاس کے دنوں میں مکمل حاضری ہوگی بجلی،یوٹیلیٹی کے استعمال میں کمی ، غیر ضروری خریداری،ضیافتیں معطل ہونگی

اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے ) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں سینیٹ سیکرٹریٹ نے وفاقی حکومت کی کفایت شعاری اور توانائی کے تحفظ کی پالیسی کے تحت جامع اقدامات کا اعلان کیا ہے ۔ ان اقدامات کا مقصد اخراجات میں کمی، توانائی کے تحفظ اور قومی وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانا ہے ۔سینیٹ سیکرٹریٹ میں پیر سے جمعرات تک چار روزہ ورکنگ ویک نافذ کیا جائے گا جبکہ اجلاس کے دنوں میں مکمل حاضری ہوگی۔ عملے کا پچاس فیصد  دفتر میں حاضر ہوگا اور باقی گھر سے آن لائن کام کریں گے۔

بجلی،یوٹیلیٹی کے استعمال ،سرکاری گاڑیوں اور ٹرانسپورٹ اخراجات میں 70 فیصد کمی کی جائے گی ۔ قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس زیادہ سے زیادہ ورچوئل پلیٹ فارمز پر منعقد کیے جائیں گے۔سینیٹرز نے رضاکارانہ طور پر دو ماہ  کے لیے اپنی تنخواہوں اور مراعات میں 25 فیصد کمی کا فیصلہ کیا جبکہ گریڈ 20 اور اس سے زائد افسران دو دن کی تنخواہ کفایت شعاری مہم میں دیں گے ۔ غیر ضروری خریداری اور سرکاری ضیافتیں معطل کی جائیں گی جبکہ ضروری تقاریب کفایت شعاری اصولوں کے تحت ہوں گی۔یہ اقدامات سینیٹ آف پاکستان کی جانب سے مالی نظم و ضبط، توانائی کے تحفظ اور قومی معیشت کے استحکام میں معاونت کی عکاسی کرتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں