ایل این جی سپلائی متاثر نہیں ہوگی
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ ایل این جی کی عالمی سپلائی میں ممکنہ رکاوٹ سے پاکستان زیادہ متاثر نہیں ہوگا کیونکہ ملک میں مقامی ذرائع سے بجلی کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہو چکا ہے ۔
رائٹرز کو دئیے گئے انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ اس وقت پاکستان میں تقریباً 74 فیصد بجلی مقامی ذرائع سے پیدا کی جا رہی ہے اور حکومت کا ہدف ہے کہ 2034 تک اس شرح کو 96 فیصد سے بھی زیادہ تک پہنچایا جائے ۔ اویس لغاری نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں بجلی کی پیداوار کا تقریباً 10 فیصد حصہ ایل این جی پر مشتمل ہے جو زیادہ تر شام کے اوقات میں طلب پوری کرنے اور گرڈ کو مستحکم رکھنے کے لیے استعمال ہوتی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کئی ماہ تک ایل این جی کی فراہمی معطل بھی ہو جائے تو گرمیوں میں شام کے اوقات میں صرف ایک سے دو گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو سکتی ہے اور اس کا زیادہ اثر صنعت اور زراعت پر نہیں پڑے گا۔