میڈیا آزاد ،تبصروں کیلئے قانون میں حدودواضح :نجم سیٹھی

میڈیا آزاد ،تبصروں کیلئے قانون میں حدودواضح :نجم سیٹھی

غلط بیانی پروزارتِ اطلاعات ذمہ دار،فوری وضاحت دیکر بات صاف کرے میڈیا کی ہر بات پر پابندی لگائی جائیگی تو حکومت کو فیڈبیک نہیں ملے گا:گفتگو

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی کچھ باتیں تکلیف دہ ضرور ہیں لیکن حالات کے تناظر میں کچھ باتیں سمجھ میں بھی آتی ہیں۔دنیا نیوزکے پروگرام ’’آج کی بات سیٹھی کے ساتھ ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے واضح کیا کہ آزادیٔ صحافت کا مطلب یہ نہیں کہ کوئی بھی ایسا تبصرہ کرے جو پاکستان کی خارجہ پالیسی یا تعلقات کو نقصان پہنچائے ، قانون میں یہ حدود واضح ہیں، اور اس حوالے سے وزیر قانون کی تشویش بجا ہے تاہم انہوں نے کہا کہ اصل چیلنج یہ ہے کہ ریڈ لائن کہاں ہے ۔ بین الاقوامی میڈیا میں کھلی بحث معمول ہے اور ممالک جیسے امریکا اور برطانیہ میں میڈیا حکومت کی پالیسیوں پراورخاص طور پر نیشنل مفاد کے معاملات میں سخت تنقید بھی کرتا ہے ۔نجم سیٹھی نے یہ بھی کہا کہ اگر میڈیا کی ہر بات پر پابندی لگائی جائے تو حکومت کو فیڈبیک نہیں ملے گا، جو فیصلہ سازی کیلئے ضروری ہے ۔ کسی ملک کو تبصروں سے خدشات ہیں تو حکومت کا کام انہیں سمجھانا ہے ، میڈیا کو دبانا نہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر میڈیا میں کوئی غلط بیانی ہوتی ہے ، تو وزارتِ اطلاعات کی ذمہ داری ہے کہ فوری وضاحت دے کر بات صاف کرے ۔نجم سیٹھی نے کہا کہ ہم سب محب وطن ہیں اور چاہتے ہیں کہ ملک میں عدم استحکام پیدا نہ ہو۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں