موجودہ حکمرانوں کوہم سے کہیں زیادہ بھگتنا پڑ سکتا:جنید اکبر
3سال سے شہباز شریف کی کمر میں تکلیف نہیں ہوئی ،انہیں تیار رہنا چاہئے حکومت انتقامی پالیسی ختم،سیاسی معاملات جمہوری طریقے سے حل کرے :گفتگو
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریکِ انصاف کے رہنما جنید اکبر خان نے کہا ہے موجودہ حکمرانوں کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ جو حالات آج اپوزیشن کو درپیش ہیں، کل وہ خود بھی ان کا سامنا کر سکتے ہیں،تین سال سے وزیرِاعظم شہباز شریف کو کمر کی تکلیف کا سامنا نہیں کرنا پڑا، تاہم انہیں آئندہ حالات کیلئے تیار رہنا چاہیے ،جو مشکلات پاکستان تحریکِ انصاف نے برداشت کیں، مستقبل میں حکمرانوں کو اس سے بھی زیادہ حالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ حکومت سیاسی انتقام کی پالیسی ختم کرے اور سیاسی معاملات کو جمہوری طریقے سے حل کیا جائے ۔ انہوں نے گفتگومیں حکومت اور ریاستی اداروں کی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ جن قوتوں نے موجودہ حکمرانوں کو اقتدار دلایا وہ ہمیشہ ان کے ساتھ نہیں رہیں گی،جب بھی پاکستان اور ریاستی اداروں کی بات آئی تو پاکستان تحریکِ انصاف نے ہمیشہ ملک اور اداروں کے ساتھ کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا ،بھارت کے ساتھ کشیدگی کے دوران بھی پی ٹی آئی نے یکجہتی کا مظاہرہ کیا ،تاہم جنگ کے بعد دوبارہ ان کے خلاف کارروائیاں شروع کر دی گئیں،مقدمات قائم کئے جا رہے ، نااہلیاں کی جا رہیں اور بعض افراد کو طویل قید کی سزائیں سنائی جا رہی ہیں،خیبر پختونخوا کے وزیرِاعلیٰ کے خلاف بھی سازشیں کی جا رہی ہیں ۔