گورنر تبدیلی : حکومت نے اعتماد میں نہیں لیا
کراچی (خبر ایجنسیاں) چیئرمین ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ گورنر سندھ کی تبدیلی پر حکومت نے اعتماد میں نہیں لیا، کامران ٹیسوری بہت بردباری کے ساتھ گئے، وہ بڑے دل سے سب کو مبارکباد دے کر گئے۔۔۔
کراچی اور حیدرآباد کے درمیان کوئی موٹروے نہیں، جو لوگ یہاں کمانے آتے ہیں وہ ڈکٹیٹ کر رہے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ہم جو آوازاٹھا رہے تھے اس کی سزا ہمیں بھی تو ملنی تھی ناں، ہم جو کر رہے تھے اس کی کوئی نہ کوئی تو سزاملنی تھی، الیکشن سے پہلے کہا تھا وزارت مل جائے تو یہاں تعلیمی ایمرجنسی لگائیں گے ، صوبہ سندھ میں تعلیم کا بجٹ سب سے زیادہ ہے ، آج صوبہ سندھ میں سب سے زیادہ جہالت ہے ، یہاں کراچی یونیورسٹی کے علاوہ کوئی بنی ہی نہیں۔ چیئرمین ایم کیو ایم کا کہنا تھا ہماری خدمت کی بنیاد 1979 کی ہے ، پہلے خدمت کی بنیاد رکھی گئی پھر سیاسی تاریخ کا آغاز ہوا، کراچی نے گزشتہ 77 برس سے ٹیکس دینے کی ذمہ داری لی ہوئی ہے ، سب سے امیر شہر میں سب سے زیادہ غربت ہے ، جن کا جینا مرنا اس شہر کے ساتھ ہے وہ آج سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ خالد مقبول نے کہا گورنر کی تبدیلی پر وفاقی حکومت کو ہمیں اعتماد میں لینا چاہیے تھا، ہماری حکومت کے ساتھ اعتماد میں بہت کمی آئی ہے۔