براڈکاسٹرز پر سائبرحملے ، پی بی اے کا اظہار مذمت

براڈکاسٹرز پر سائبرحملے ، پی بی اے کا اظہار مذمت

رکن براڈکاسٹرز نشریاتی نظام کومحفوظ رکھنے کیلئے سائبر سکیورٹی مزید مضبوط بنائیں نشریاتی اداروں اور قومی اداروں کے درمیان مسلسل تعاون ناگزیر ہے :ایسوسی ایشن

کراچی(دنیانیوز)پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے )نے اپنے رکن نشریاتی اداروں کے ٹرانسمشن نظام کو نشانہ بنائے جانے کی حالیہ سائبر دراندازی کی کوششوں پر ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ پی بی اے نے پاکستان کے نیوز میڈیا کے خلاف معاندانہ عناصر کی جانب سے کئے جانے والے سائبر حملوں اور ڈیجیٹل مداخلت کی سخت مذمت کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ یہ واقعات اس بات کو اجاگر کرتے ہیں کہ خطے میں پاکستان کا نیوز میڈیا مستند اور قابلِ اعتماد معلومات کی فراہمی کیلئے ایک اہم اور معتبر پلیٹ فارم کی حیثیت رکھتا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ عوام تک معلومات کی فراہمی اور قومی مکالمے میں میڈیا چینلز کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، اس لئے ضروری ہے کہ نشریاتی ادارے اپنی سائبر سکیورٹی کو مزید مضبوط بنائیں تاکہ نشریاتی نظام اور معلومات کے بہاؤ کو کسی بھی قسم کی مداخلت سے محفوظ رکھا جا سکے ۔پی بی اے نے ان واقعات کے دوران متعلقہ ریاستی اداروں اور تکنیکی حکام کی بروقت معاونت اور مؤثر رابطہ کاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تعاون پاکستان کے مفادات، ادارہ جاتی استحکام اور قومی یکجہتی کے تحفظ کیلئے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

ایسوسی ایشن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنے تمام رکن براڈکاسٹرز کے ساتھ کھڑی ہے اور پورے شعبے میں سائبر سکیورٹی اور پیشگی حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ عوام تک مستند اور بروقت معلومات کی فراہمی بلا تعطل جاری رہ سکے ۔ایسوسی ایشن نے نشریاتی اداروں اور قومی اداروں کے درمیان مسلسل تعاون کو ناگزیر قرار دیا تاکہ پاکستان کے میڈیا انفراسٹرکچر کو ہر قسم کی معاندانہ مداخلت سے محفوظ رکھا جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں