پاکستان پوسٹ نے بین الاقوامی پارسل کے نئے ٹیرف کی منظوری دیدی
اسلام آباد(نیوز رپورٹر)پاکستان پوسٹ نے 200 سے زائد ممالک کے لئے بین الاقوامی پارسل سروس کے نئے ٹیرف (Tariff) کی منظوری دے دی، نئے نرخوں کا اطلاق کل سے ہوگا۔۔۔
جس کے تحت امریکہ، برطانیہ، یورپ اور خلیجی ممالک سمیت دنیا بھر میں پارسل بھیجنے کے اخراجات میں وزن کے لحاظ سے ردوبدل کیا گیا ، خلیجی ممالک اور مشرقِ وسطیٰ کے لئے نئے نرخ بھی جاری کر دئیے گئے UAE کے لئے پہلے کلوگرام کا ریٹ 2,500 روپے جبکہ ہر اضافی کلوگرام کے لئے 600 روپے ، سعودی عرب کیلئے پہلا کلو 2,700 روپے اور اضافی کلو 1,100 روپے ، اسی طرح عمان کے لئے 2,700 اور 400 روپے ، قطر کے لئے 2,700 اور 700 روپے ، بحرین کے لئے 2,800 اور 800 روپے جبکہ کویت کے لئے 2,600 اور 700 روپے چارج کیے جائیں گے ۔اردن کے لیے پہلے کلوگرام کا ریٹ 3,800 روپے جبکہ لبنان کے لئے 4,000 روپے مقرر کیا گیا ہے ۔یورپ اور مغربی ممالک کے لئے نرخوں میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ برطانیہ (UK) کے لیے پہلے کلوگرام کے 7,300 روپے اور ہر اضافی کلو کے لئے 3,000 روپے مقرر کئے گئے ہیں۔
امریکہ کے لئے پہلا کلو 7,500 روپے اور اضافی کلو 4,400 روپے ہوگا ، کینیڈا کے لئے 6,900 اور 3,400 روپے جبکہ آسٹریلیا کے لیے 7,600 اور 4,300 روپے وصول کئے جائیں گے ۔ جرمنی کے لئے پہلے کلوگرام کا ریٹ 7,100 روپے ، فرانس 5,400 روپے ، اٹلی 4,900 روپے ، نیدرلینڈز 5,100 روپے ، ناروے 7,800 روپے ، سویڈن 7,200 روپے اور سوئٹزرلینڈ کے لئے 4,800 روپے فی کلوگرام نرخ مقرر کیے گئے ہیں۔پاکستان پوسٹ نے ایشیا اور اہم تجارتی مراکز کے لیے بھی نئے ریٹس جاری کئے ہیں۔ چین کے لئے پہلا کلو 4,600 روپے اور اضافی کلو 1,200 روپے ، جاپان کے لئے 5,600 اور 3,100 روپے ، ملائیشیا 3,800 اور 1,200 روپے ، سنگاپور 4,900 اور 2,600 روپے جبکہ تھائی لینڈ کے لئے 4,400 اور 2,500 روپے مقرر کئے گئے ہیں۔ہمسایہ ممالک میں افغانستان کے لیے پہلے کلوگرام کا ریٹ 5,000 روپے ، ایران 6,200 روپے اور سری لنکا کے لئے 3,700 روپے نرخ مقرر کیے گئے ہیں ، ترکیہ کے لئے 6,100 روپے اور روس کے لئے 7,700 روپے پہلے کلوگرام کے چارجز ہوں گے ۔افریقی اور جنوبی امریکی ممالک میں مصر کے لئے 4,600 روپے ، جنوبی افریقہ 5,700 روپے ، کینیا 4,600 روپے جبکہ برازیل کے لئے 8,400 روپے پہلے کلوگرام کے نرخ مقرر کئے گئے ہیں۔ یوکرین کے لئے پہلا کلو 8,300 روپے اور میکسیکو کے لیے 7,100 روپے چارج کیے جائیں گے۔