صوبے کیخلاف منفی بات نہ کی جائے،گورنر ہاؤس کا آڈٹ کراؤں گا:نہال ہاشمی
تہذیب سے ہٹ کر کوئی چیز نہیں ہوگی،سیاسی کارکن ہوں، سوشل میڈیا ویڈیو بنا کر فنکار نہ بنائیں عوامی نہیں آئینی گورنر ہوں، وزیراعظم یوتھ پروگرام لائیں گے ،پروپیگنڈا نہیں کریں گے :پریس کانفرنس
کراچی (خبر ایجنسیاں ،مانیٹرنگ ڈیسک) گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ سندھ کے چپے چپے کواس کاحق دینے کی کوشش کریں گے ، گورنر ہاؤس کا آڈٹ کراؤں گا، عوام بھی اس بات پر نظر رکھیں کہ یہاں کتنے پیسے خرچ ہو رہے ہیں اور کہاں استعمال ہو رہے ہیں، کراچی اور سندھ کے خلاف منفی بات نہ کی جائے ، دیانت، امانت اور انصاف کے ساتھ اپنے فرائض انجام دوں گا، صوبے میں ہر چیز کا آڈٹ کیا جائے گا ، گورنر ہاؤس میں شفافیت اور احتساب کو یقینی بنائیں گے ، گورنر ہاؤس سندھ کی شناخت ہے ، یہاں ہماری تہذیب سے ہٹ کرکوئی چیزنہیں ہوگی،سوشل میڈیا ویڈیو بنا کر فنکار نہیں بنائیں، میں سیاسی کارکن ہوں، عوامی گورنر نہیں آئینی گورنر ہوں، آئین کے تحت صدر مملکت نے نوٹیفکیشن جاری کیا۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا میں جس مقام پر آج بیٹھا ہوں وہ میرے رہنماؤ ں اور کارکنوں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے اور یہ میری ذمہ داری ہے کہ میں ہر شخص کی نمائندگی کروں۔ گورنر نے کہا سندھ میں کوئی کارروائی ہو یا کراچی کی بے امنی پر قابو پانا ہو سب سے پہلے نواز شریف آگے آتے ہیں، اگر میں کوئی غلط کام کروں تو عوام اور میڈیا ضرور مجھ پر تنقید کریں۔
مجھے وہ لوگ بہت اچھے لگتے ہیں جو مجھ پر تنقید کرتے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا اس مقام کی حالت بہتر بنائی جائے گی اور یہاں کی خراب کرسیوں و دیگر انتظامات کو درست کیا جائے گا، یہ جگہ دوبارہ آباد ہوگی اور ترقی کا سفر آگے بڑھے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کیلئے وہ اقدامات بھی یہاں نظر آئیں گے جو نواز شریف نے کیے تھے ، ہم اگر کہیں کہ 6 ماہ کا کورس ہے تو 6 ماہ میں ڈگری ملے گی، پروپیگنڈا نہیں کریں گے ، وزیراعظم کے یوتھ پروگرام کو بھی لایا جائے گا، مستحق افراد کیلئے گورنر ہاؤس میں سحری اور افطار کا انتظام کیا جائے گا، گورنر ہاؤس عوام کا گھر ہے اور میں یہاں صرف ایک نگراں کی حیثیت سے موجود ہوں۔ انہوں نے کہا ہم ہوں یا نہ ہوں سندھ اور کراچی ہمیشہ قائم رہیں گے ۔ ان کا کہنا تھا آئی ٹی مارکی کایہ حال میں نے نہیں کیا، اس کو دوبارہ آبادکریں گے ۔ گورنرسندھ نے کہا سعودی پرنس، ایران، ترکیہ وزیراعظم کواپنابھائی کہتے ہیں، 7 سمندر پار والے بھی وزیراعظم کی تعریف کرتے ہیں، سپہ سالارفیلڈمارشل ہمارے اور آپ جیسے گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف ہمیشہ تعمیری سوچ اور مثبت راستہ دکھاتے ہیں، وہ پاکستان کے لیے جیل جا سکتے ہیں لیکن ملک کو نقصان نہیں پہنچا سکتے ۔