بھاگٹا نوالہ:بیوی،4بیٹے اور بیٹی کو قتل کرکے ملزم کا اقدام خودکشی
یاسین ملاح نے اپنی بیوی34 سالہ فرخندہ ، بچوں نور فاطمہ، علی ، طیب ، حسنین پر کلہاڑی کے پے درپے وار کئے خودبھی شدید زخمی ، گھریلو تنازع یا ذہنی دباؤ ،مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع ، علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا
سر گو دھا (سٹاف رپورٹر )سرگودھا کے نواحی علاقے بھاگٹانوالہ میں جنونی شخص نے مبینہ طور پر کلہاڑی کے وار کر کے اپنی بیوی اور 5 بچوں کو قتل کر دیا ،مقتولین بچوں میں 4 بیٹے ، 1 بیٹی شامل ہے ، واقعہ کے بعد ملزم نے خود کو بھی زخمی کر لیا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔پولیس حکام کے مطابق سرگودھا کے نواحی علاقے بھاگٹانوالہ کے چک 25 جنوبی میں یاسین ملاح نامی شخص نے مبینہ طور پر کلہاڑی سے اپنی بیوی34 سالہ فرخندہ بی بی، بیٹی 18 سالہ نور فاطمہ،بیٹے 14 سالہ علی حسن، 11 سالہ طیب حسین ، ڈیڑھ سالہ حسنین اور ایک شیر خوار بچے پر حملہ کر دیا،کلہاڑی کے پے درپے وار سے اس کی اہلیہ اور پانچوں بچے موقع پر ہی دم توڑ گئے ،وقوعہ کے بعد ملزم نے خودکو بھی زخمی کر لیا، اس کی حالت نازک بتائی جاتی ہے ۔پولیس حکام کے مطابق شواہد اکٹھے کئے جا رہے ہیں ۔ گھریلو تنازع یا ذہنی دباؤ سمیت مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے ،واقعہ کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ۔ڈی پی او سرگودھا محمد صہیب اشرف نے نوٹس لے لیا اور خود مو قع پر پہنچ گئے اور ایس ڈی پی او صدر سے رپورٹ طلب کر لی۔