محکمہ صحت :انتظامی عہدے خالی، منصوبے متاثر ہونیکا خدشہ
ڈینگی سیزن قریب،بیماریوں کے کنٹرول سے متعلق عہدوں پر تقرریاں نہ ہو سکیں 18میں سے صرف 2سیکشن آفیسرز تعینات، اہم پروگرامز کی رفتار متاثر ہوسکتی :ذرائع
لاہور (سجاد کاظمی سے )پنجاب کے محکمہ صحت و آبادی میں طویل عرصے سے اہم انتظامی عہدے خالی ہونے کے باعث محکمے کے انتظامی معاملات متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق کئی کلیدی اسامیاں تاحال مستقل تقرریوں سے محروم ہیں جس کے باعث صحت کے بڑے منصوبوں اور پروگرامز کی مؤثر نگرانی میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ محکمے میں سپیشل سیکرٹری آپریشنز اور ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ سمیت متعدد اہم عہدے خالی پڑے ہیں، جبکہ ڈی جی ہیلتھ سروسز پنجاب اور ڈی جی پاپولیشن کے عہدے بھی تاحال پُر نہیں کیے جا سکے ۔ اسی طرح محکمہ صحت کے اہم پراجیکٹس کے سربراہان کی تقرری بھی نہیں ہو سکی جس کے باعث اربوں روپے کے صحت منصوبے مستقل سربراہوں کے بغیر چلائے جا رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کے انتظامی ڈھانچے میں کمزوری کا خدشہ بڑھ رہا ہے کیونکہ 18 منظور شدہ سیکشن آفیسرز میں سے صرف دو تعینات ہیں جبکہ باقی اسامیاں عارضی اور اندرونی انتظامی بندوبست کے ذریعے چلائی جا رہی ہیں۔ماہرین کے مطابق اہم عہدے خالی ہونے سے صحت کے بڑے پروگرامز کی کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے ۔ دوسری جانب ڈینگی سیزن قریب آنے کے باوجود بیماریوں کے کنٹرول سے متعلق اہم عہدوں پر بھی تقرریاں نہیں ہو سکیں۔ذرائع کے مطابق ڈپٹی سیکرٹری ورٹیکل پروگرامز اور پراجیکٹ ڈائریکٹر سی ڈی سی کے عہدے بھی تاحال خالی ہیں، جبکہ ہیپاٹائٹس اور ایڈز کنٹرول پروگرام کے پراجیکٹ ڈائریکٹرز بھی مقرر نہیں کیے جا سکے ، جس سے ان اہم پروگرامز کی رفتار متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔