مہنگائی کا نیا جھٹکا،گھی و کوکنگ آئل کی قیمتوں میں20روپے کلو تک اضافہ
گھی کے 16 کلو کنستر کے نرخ 300 روپے تک بڑھے ، درجہ اول گھی اور کوکنگ آئل 600 روپے کلو تک پہنچ گیا درجہ دوئم گھی اور تیل بھی مہنگے ،وجہ پام آئل کی قیمتوں میں اضافہ ،مہنگائی مزید شدت اختیارکرسکتی :ذرائع
لاہور (کامرس رپورٹر سے )مہنگائی کے نئے جھٹکے میں گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں 10 سے 20 روپے فی کلو اضافہ ہوگیا، مارکیٹ ذرائع کے مطابق گھی کے 16 کلو کنستر کے نرخ میں تقریباً 300 روپے تک اضافہ ہو ا ہے ۔ درجہ اول گھی اور کوکنگ آئل کی قیمت 10 روپے اضافے کے بعد تقریباً 600 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ۔ اسی طرح درجہ دوئم گھی اور تیل 20 روپے اضافے کے بعد 560 روپے فی کلو جبکہ درجہ سوئم گھی بھی 20 روپے اضافے کے بعد 540 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ۔قیمتوں میں اضافے کے باعث گھی کے 16 کلو والے کنستر کی قیمت بھی اوسطاً 320 روپے تک بڑھ گئی جس سے گھریلو صارفین پر مہنگائی کا دباؤ مزید بڑھ گیا ، ذرائع کے مطابق عالمی منڈی میں پام آئل کی قیمتوں میں تیزی اس اضافے کی بڑی وجہ ہے ۔ گزشتہ چند روز کے دوران عالمی مارکیٹ میں پام آئل کے نرخ 40 سے 60 ڈالر فی ٹن تک بڑھے ہیں اور عالمی مارکیٹ میں پام آئل 1100 ڈالر فی ٹن تک پہنچ چکا ۔مارکیٹ ذرائع کامزید کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اب خوردنی گھی اور تیل کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی کا دباؤ مزید شدت اختیار کر سکتا ہے ۔