فائیو جی لائسنس کیلئے کمپنیوں نے بینک گارنٹیاں جمع کرا دیں
جاز نے پندرہ ملین ڈالر کی بینک گارنٹی جمع کرائی، یو فون اور زونگ بھی رواں ہفتے دینگے
اسلام آباد (وقائع نگار)ٹیلی کام کمپنیوں نے پاکستان میں فائیو جی سروس شروع کرنے کے لیے لائسنس اور این او سی کے حصول کی لازمی قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ۔ اس سلسلے میں جاز ٹیلی کام کمپنی نے 15 ملین ڈالر کی بینک گارنٹی پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے ) میں جمع کرا دی ہے جبکہ یو فون اور زونگ کی جانب سے بھی رواں ہفتے تک بینک گارنٹی جمع کرائے جانے کا امکان ہے ۔پی ٹی اے کے مطابق بینک گارنٹی اور دیگر قانونی تقاضے مکمل ہونے کے بعد کمپنیوں کو رواں ہفتے 19 مارچ تک فائیو جی سپیکٹرم لائسنس اور سروس شروع کرنے کے لیے این او سی جاری کیے جا سکتے ہیں۔ اگر کسی کمپنی کی جانب سے قانونی کارروائی مکمل نہ ہو سکی تو عیدالفطر کی تعطیلات کے بعد لائسنس اور این او سی جاری کیے جائیں گے ۔پی ٹی اے حکام کے مطابق فائیو جی سپیکٹرم لائسنس اور این او سی کے اجرا کے لیے باقاعدہ تقریب منعقد کی جائے گی۔ اس کے بعد متعلقہ کمپنیاں ملک بھر میں فائیو جی سروسز شروع کرنے کی اہل ہو جائیں گی جس سے صارفین کو تیز رفتار انٹرنیٹ کی سہولت میسر آئے گی۔