ایران کیخلاف کارروائی عالمی معیشت پر اثر ڈالے گی:رانا تنویر
عوامی مفاد کی خاطر وزیراعظم نے پٹرول قیمت صرف55 روپے بڑھائی افغانستان باز نہ آیا توسٹرائیکس جاری رکھیں گے ، وفاقی وزیر،میڈیا سے گفتگو
مریدکے (آئی این پی )وفاقی وزیر غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف کارروائی پوری دنیا کی معیشت پر اثر ڈالے گی۔ اپنے آبائی حلقے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر خطے میں امن کیلئے کوشاں ہیں، جنگ کے ماحول میں پورے خطے کی معیشت متاثر ہے ۔انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں بڑھنے کے باوجود وزیراعظم نے عوام کو سبسڈی دے کر قیمتیں برقرار رکھیں، عوامی مفاد کی خاطر وزیراعظم نے پٹرول کی قیمت 110 کے بجائے صرف 55 روپے بڑھائی۔رانا تنویر نے مزید کہا کہ افغانستان کو بارہا سمجھایا دہشتگردوں کی سرپرستی نہ کریں، افغانستان شرارتوں سے باز نہ آیا تو اس کے خلاف سٹرائیکس جاری رکھیں گے ، امریکا کی ایرانی سکول پر بمباری جنگی قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔