جڑواں شہروں میں طوفانی بارش،متعدد فیڈر ٹرپ

جڑواں شہروں میں طوفانی بارش،متعدد فیڈر ٹرپ

نشیبی علاقے زیر آب، بجلی تاروں پر درخت گرنے سے برقی رو گھنٹوں معطل مری ، لاہور سمیت مختلف شہروں میں وقفہ وقفہ سے بارش،آج بھی امکان

 راولپنڈی، اسلام آباد ،مری، لاہور  (نیوزرپور ٹر نمائندہ دنیا ،ایجنسیاں) جڑواں شہروں میں گرج چمک کیسا تھ طوفانی بارش کے باعث سردی پھر لوٹ آئی، بارش کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا جس کی وجہ سے درجہ حرارت کم از کم 12اور زیادہ سے زیادہ 22 ڈگری سنٹی گریڈ رہا۔ آج بھی راولپنڈی، اسلام آباد اور دیگر شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بار ش اور ژالہ باری کا امکان ہے ۔ موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ،ندی نالوں میں ممکنہ طغیانی کے پیش نظر سینی ٹیشن ٹیمیں متحرک ہو گئیں ، اسلام آباد میں طوفانی بارش سے متعدد11 کے وی فیڈرزٹرپ کر گئے جبکہ متعدد مقامات پر بجلی کے تاروں پر بورڈ اور درخت بھی گرے جس سے برقی روگھنٹوں معطل رہی ۔ ادھر مری میں بھی تیز بارش کے با عث سردی کی شدت میں دوبارہ اضافہ ہو گیا ہے جس سے یہاں آنیوالے سیاح خوب لطف اندوز ہو رہے ہیں ۔

دریں اثنا صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ کئی نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ، اس دوران کئی علاقوں میں بجلی گھنٹوں بند رہی ۔ لاہور میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ دن بھر جاری رہا ، اس دوران نشیبی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے پر شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بارش میں لاہور سمیت دیگر شہروں میں بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہو ا اور کئی علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی گھنٹوں معطل رہی ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں