پٹرولیم مصنوعات کی برآمد میں 57 فیصد اضافہ ریکارڈ

پٹرولیم مصنوعات کی برآمد میں 57 فیصد اضافہ ریکارڈ

8ماہ میں برآمدات کا حجم 561ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا،ادارہ شماریات

اسلام آباد(اے پی پی)پٹرولیم مصنوعات کی برآمد میں جاری مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران سالانہ بنیاد پر 57 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ادارہ شماریات کے مطابق پہلے آٹھ ماہ کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی برآمدات کا حجم 561 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 358 ملین ڈالر کے مقابلے میں 57 فیصد زیادہ ہے ۔ فروری میں پٹرولیم مصنوعات کی برآمد سے ملک کو 45 ملین ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا جو جنوری کے 74 ملین ڈالر کے مقابلے میں 40 فیصد کم اور گزشتہ سال فروری کے 19 ملین ڈالر کے مقابلے میں 133 فیصد زیادہ ہے ۔

اعدادوشمار کے مطابق پہلے 8 ماہ کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی درآمد پر 10.030 ارب ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 10.710 ارب ڈالر کے مقابلے میں 6 فیصد کم ہے ۔ فروری میں پٹرولیم مصنوعات کی درآمد پر 983 ملین ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا جو جنوری کے 1.060 ارب ڈالر کے مقابلے میں 7 فیصد کم اور گزشتہ سال فروری کے 1.248 ارب ڈالر کے مقابلے میں 21 فیصد کم ہے ۔ واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران پاکستان کی مجموعی برآمدات کا حجم 20.468 ارب ڈالر اور درآمدات کا حجم 45.56 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں بالترتیب 7 فیصد کم اور 8 فیصد زیادہ ہے ،گزشتہ مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں پاکستان کی مجموعی برآمدات کا حجم 22.073 ارب ڈالر اور درآمدات کا حجم 42.11 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں