لا ہور سمیت ملک بھر میں شب قدر انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی
لاہور (اے پی پی) صو با ئی دارا لحکومت لا ہور سمیت ملک بھر میں شب قدر انتہا ئی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔
شہر بھر کی مساجد کو برقی قمقموں سے سجا یاگیا، مساجد میں تراویح میں تکمیل قرآن کی محافل کا انعقاد کیا گیا، حفاظ اور سامعین کو انعام و اکرام سے نوازا گیا اور مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔مساجد میں عبادت گزاروں کیلئے سحری کے بھی انتظامات کئے گئے ۔فرزندان اسلام نے شب بیداری کرتے ہوئے ستائیسویں شب کو مساجد میں باجماعت صلو اۃ تسبیح ادا کی اور انفرادی عبادت میں نوافل بھی ادا کیے ، تلاوت قرآن پاک کی گئی اور نبی کریم کے حضور درود شریف کا نذرانہ پیش کیا گیاجبکہ خواتین نے گھروں میں رات عبادت میں گزاری۔فرزندان اسلام نے اللہ تعالیٰ سے گڑ گڑا کر توبہ و استغفار کی اور مرحومین کیلئے دعائے مغفرت کی۔مسا جد میں دین کی سربلندی، ملک وقوم کی ترقی وسلامتی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں ۔