پنجاب :وزیراعلیٰ سٹروک پروگرام پر عملدرآمد بارے اہم اجلاس

پنجاب :وزیراعلیٰ سٹروک پروگرام پر عملدرآمد بارے اہم اجلاس

فالج کے مریضوں کو اربوں کے علاج معالجہ کی مفت سہولیات دینگے :وزیر صحت ہر چلڈرن ہسپتال میں سٹروک مینجمنٹ سنٹر بنانے کیلئے لائحہ عمل طے :سلمان رفیق

لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )وزیراعلیٰ پنجاب سٹروک پروگرام پر عملدرآمد بارے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی میں اہم اجلاس ہوا ۔ سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر عظمت محمود ،سیکرٹری محکمہ صحت و آبادی نادیہ ثاقب ،سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیورو سائنسز پروفیسر آصف بشیر اور پروفیسر قاسم بشیر نے شرکت کی ۔ میڈیکل ڈائریکٹر چلڈرن ہسپتال لاہور پروفیسر ٹیپو سلطان بھی ویڈیو لنک پر موجود تھے ۔ پروفیسر قاسم بشیر نے سٹروک پروگرام پر بریفنگ میں بتایا کہ 25 سال سے زائد العمر 4 میں سے ایک شخص کو فالج کا خطرہ ہوتا ہے ۔ ۔ خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا وزیر اعلیٰ سٹروک پروگرام کے تحت ہر سال فالج کے مریضوں کو اربوں روپوں کی خطیر رقم سے علاج کی مفت سہولیات دی جائینگی، وزیراعلیٰ ہر ضلع میں سٹروک مینجمنٹ سنٹر قائم کرنے کی پہلے ہی منظوری دے چکیں۔ ہر ڈی ایچ کیو میں نیورالوجسٹ اور پیڈز نیورالوجسٹ تعینات کرنے کے فیصلے پر عملدرآمد سمیت سٹروک پیشنٹ کیلئے ٹیلی میڈسن پراجیکٹ شروع کرنے کے اقدامات بھی جاری ہیں۔ ضلعی ہسپتالوں کے ڈاکٹرفالج کے مریض کے فوری علاج کیلئے سپیشلسٹس اورکنسلٹنٹس سے ٹیلیفونک رابطہ کرسکیں گے ۔ پنجاب کے ہر چلڈرن ہسپتال میں سٹروک مینجمنٹ سنٹر بنانے کیلئے لائحہ عمل طے کر لیا گیا ہے ۔ چاہتے ہیں کسی مریض کو فالج کے علاج کیلئے بڑے شہر نہ جانا پڑے ۔ سیکرٹری صحت نادیہ ثاقب نے کہا اس پروگرام کی کامیابی کیلئے ضلعی ہسپتالوں کی استعدادکار کو بڑھایا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں