ایندھن دستیابی:مارچ کی ضروریات محفوظ،اپریل کی منصوبہ بندی
عالمی منڈی سے سپلائی کے مزید ذرائع تلاش کیے جا رہے :کابینہ کمیٹی کوبریفنگ گھبراہٹ میں خریداری یا غیرضروری ذخیرہ اندوزی کی ضرورت نہیں:وزیرخزانہ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کاکہنا ہے ایندھن کی دستیابی کے حوالے سے ملک کی پوزیشن تسلی بخش ہے۔ وزیرخزانہ کی زیرصدارت پٹرولیم مصنوعات کی نگرانی سے متعلق قائم کابینہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، بریفنگ میں بتایا گیا مارچ کی ضروریات مکمل طور پر محفوظ کر لی گئی ہیں اور اپریل کیلئے بھی فراہمی یقینی بنانے کی منصوبہ بندی کی جاچکی ہے ۔ اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا عالمی منڈی سے سپلائی کے مزید ذرائع تلاش کیے جا رہے ہیں۔اس موقع پر سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ایندھن کی دستیابی کے حوالے سے ملک کی پوزیشن تسلی بخش ہے ، گھبراہٹ میں خریداری یا غیرضروری ذخیرہ اندوزی کی کوئی ضرورت نہیں۔دوسری جانب سیکرٹری پٹرولیم نے کہا 14 اپریل کے بعد ملک میں ایل این جی دستیاب نہیں ہو گی ، جس کے باعث اپریل میں پاور سیکٹر کی گیس ضرورت پوری نہیں کر سکیں گے ۔