ایران میں دنیا کی سب سے بڑی گیس فیلڈ پر حملہ، سعودی عرب، امارات اور قطر میں جوابی کارروائی : ایرانی وزیر شہید، اسرائیل میں بھی تباہی 2 ہلاک، 200 زخمی

ایران میں دنیا کی سب سے بڑی گیس فیلڈ پر حملہ، سعودی عرب، امارات اور قطر میں جوابی کارروائی : ایرانی وزیر شہید، اسرائیل میں بھی تباہی 2 ہلاک، 200 زخمی

قطر نے اسرائیل کو گیس فیلڈ پرحملے کا ذمہ دار قراردیدیا،امریکا کاذکر گول ،تیل مہنگاہوگیا،سٹاک مارکیٹس میں مندی ،ایرانی میزائل سے قطرکے انڈسٹریل سٹی میں آگ لگ گئی تہران میں ہزاروں افراد علی لاریجانی اور دیگر شہدا کی تدفین کیلئے سڑکوں پرنکل آئے ،خون کی قیمت چکائیں گے :مجتبیٰ خامنہ ای ،جاسوسی کے الزم میں سویڈش شہری کو پھانسی

تہران (نیوز ایجنسیاں )جنوبی پارس گیس فیلڈ میں ایران کے پیٹروکیمیکل کمپلیکس پر گزشتہ روز فضائی حملے ہوئے ،جنوبی پارس دنیا کی سب سے بڑی گیس فیلڈ ہے ، جہاں قطر اور ایران دونوں کے مراکز موجود ہیں۔ اس حملے کے جواب میں ایران نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر میں تیل اور گیس تنصیبات پر حملوں کی وارننگ جاری کر دی اور حملے شروع کر دئیے ۔ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے ان ملکوں میں موجود تیل اور گیس تنصیبات کے قریب شہریوں، ملازمین اور دیگر افراد کو علاقے سے نکل جانے کا کہا تھا ۔ ان میں سعودی عرب کی سامرف ریفائنری، الجبیل پیٹروکیمیکل کمپلیکس،متحدہ عرب امارات کی الحسن گیس فیلڈقطر کا مسیعید پیٹروکیمیکل کمپلیکس اور راس لفان ریفائنری شامل تھی ۔پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ تمام مراکز اب جائز ہدف بن گئے ہیں اور جلد انہیں نشانہ بنایا جائے گا۔

جنوبی پارس گیس فیلڈ حملے کی اسرائیلی میڈیا میں بھرپور کوریج ہوئی، جس میں کہا گیا کہ اسے اسرائیل نے امریکی اجازت کے ساتھ انجام دیا حالانکہ دونوں ممالک نے فوری ذمہ داری قبول نہیں کی۔ قطر جو امریکا کا قریبی اتحادی ہے ،اور خطے میں سب سے بڑا امریکی ہوائی اڈے کا میزبان ہے ، نے حملے کیلئے اسرائیل کو ذمہ دار ٹھہرایا مگر امریکا کے کردار کا ذکر نہیں کیا۔ قطر کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے اس واقعہ کو خطرناک اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیا اور کہا کہ اس سے عالمی توانائی کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے ۔متحدہ عرب امارات نے بھی اس حملے کی سخت مذمت کی ہے ۔ حملے کے بعد تیل کی قیمتیں تیزی سے بڑھ گئیں۔بینچ مارک برینٹ کروڈ کی قیمت تقریباً 5 فیصد بڑھ کر 108 ڈالر سے زیادہ ہو گئی۔اس کے اثرات کے طور پر سٹاک مارکیٹس بھی مندی کی طرف مڑ گئیں۔ ایران نے قطرمیں راس لفان انڈسٹریل سٹی پر میزائل حملہ کیا جہاں آگ لگ گئی،قطر انرجی نے اس کی تصدیق کردی۔ قطر انرجی کے مطابق حملے سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

قطری وزارت خارجہ نے زور دے کر کہا ہے کہ اگرچہ قطر نے اس جنگ کے آغاز سے ہی خود کو اس سے الگ رکھا اور کسی بھی کشیدگی میں شامل نہ ہونے کی پالیسی اپنائی، تاہم ایرانی فریق مسلسل اسے اور پڑوسی ممالک کو نشانہ بنا رہا ہے جو ایک غیر ذمہ دارانہ طرز عمل ہے اوریہ علاقائی سلامتی کو کمزور کر رہا ہے جبکہ عالمی امن کیلئے بھی خطرہ ہے۔ بدھ کو اسرائیل نے ایران کے وزیر انٹیلی جنس اسماعیل خطیب کو شہید کر دیا، ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے تصدیق کردی ۔حزب اللہ سے منسلک المنار ٹی وی کے ڈائریکٹر محمد شرعی اور ان کی اہلیہ بیروت میں ایک اسرائیلی حملے میں شہید ہو گئے جبکہ اس حملے میں ان کے بچوں سمیت کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔ اسرائیلی وزیرِ دفاع کاٹز نے کہاہے کہ ایران میں کسی کو چھوٹ حاصل نہیں اور سب نشانے پر ہیں۔ اسرائیلی فوج کو بلا اجازت کسی بھی اعلیٰ ایرانی اہلکار کو ٹھکانے لگانے کا اختیار دیدیا گیا ہے۔

دوسری جانب تہران میں ہزاروں افراد علی لاریجانی اور دیگر شہدا کی تدفین کیلئے سڑکوں پر نکل آئے ،ہجوم نے ایرانی جھنڈے لہراتے ہوئے شہدا کی تصاویر اٹھائی ہوئی تھیں۔ ایک مرثیہ خوان نے کہاکہ شہدا رہنمائی کر رہے ہیں، وہ زیادہ زندہ ہو گئے ہیں، محبت کی آگ میں جل رہے ہیں۔ایران نے لاریجانی کے قتل کے جواب میں اسرائیل پر میزائل حملے کئے ، جن کے بارے میں اسرائیلی حکام نے بتایا کہ تل ابیب کے قریب دو افراد ہلاک ہوئے ۔اسرائیل کی وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایران کے حملوں میں 200 افراد زخمی ہوئے اور انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔تنازع کے آغاز سے اب تک 3727 افراد کو زخمی ہونے کے بعد ہسپتال داخل کیا جا چکا ہے۔

تہران نے کہا کہ اس نے رات کے وقت تل ابیب، حیفا اور بیر شیبعہ پر حملے کئے اور بحرین، عراق، اردن، کویت، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں امریکی اڈوں کو بھی نشانہ بنایا۔ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ لاریجانی کے قتل کے ذمہ داران اپنے خون کی قیمت چکائیں گے ۔ریاض، سعودی عرب میں بدھ کے روز کئی زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، کچھ شہریوں کو پہلی بار موبائل فون کے ذریعے فضائی خطرے کی وارننگ موصول ہوئی ۔ ایران میں ایک اسرائیلی جاسوس کو سزائے موت دی گئی ، جس کا تعلق سویڈن سے تھا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں