شہریوں کونشانہ بنانا پاک فوج کاوطیرہ نہیں،عوامی حلقے
افغان پروپیگنڈامسترد،دہشتگردی کیخلاف جنگ میں اپنی فوج کیساتھ ہیں
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)افغان دہشتگرد ٹھکانوں کے خلاف افواجِ پاکستان کی کامیاب کارروائی کے بعد ملک بھر میں عوام کی جانب سے بھرپور ردعمل سامنے آیا ہے ، جس میں اس اقدام کی حمایت کرتے ہوئے افغان پروپیگنڈے کو دوٹوک انداز میں مسترد کر دیا گیا۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ افواجِ پاکستان نے دہشتگرد ٹھکانوں کو موثر انداز میں نشانہ بنا کر قوم کے تحفظ کو یقینی بنایا اور یہ اقدام ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ناگزیر تھا۔ شہریوں کے مطابق یہ کارروائی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین کے دفاع میں ہر حد تک جانے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی بھی بیرونی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن عناصر کے ذریعے پاکستان کو عدم استحکام کا شکار بنانے کی کوششیں ماضی میں بھی ناکام ہوئیں اور آئندہ بھی ناکام رہیں گی۔عوام نے اس تاثر کو بھی سختی سے مسترد کیا کہ کسی بھی معصوم شہری کو نشانہ بنانا پاکستان یا اس کی افواج کا وطیرہ ہے ۔ شہریوں کے مطابق پاک فوج ہمیشہ بین الاقوامی اصولوں اور انسانی اقدار کو مدنظر رکھتے ہوئے کارروائیاں کرتی ہے جبکہ سویلین آبادی کو نشانہ بنانے کے الزامات بے بنیاداور گمراہ کن پروپیگنڈا ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔