بغیر اطلاع مہران ، ماروی ایکسپریس ٹرینیں بند، مسافر پریشان

بغیر اطلاع مہران ، ماروی ایکسپریس ٹرینیں بند، مسافر پریشان

میرپورخاص سے کراچی، کھوکھراپار، حیدرآباد کے درمیان چلنے والی ٹرینیں شامل ریلوے کارگو سروس بھی ختم، عوام ٹرانسپورٹ مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیئے گئے

میرپور خاص (بیورو رپورٹ) میرپورخاص اور گرد و نواح کے علاقوں کے ہزاروں افراد سستی سفری سہولت سے محروم ہو گئے ، پاکستان ریلوے نے بغیر کسی پیشگی اطلاع کے 2 اہم مسافر ٹرینیں بند کر دیں، جس کے باعث روزانہ سفر کرنے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ بند کی جانے والی ٹرینوں میں میرپورخاص سے کراچی کے درمیان چلنے والی مہران ایکسپریس اور کھوکھراپار سے بذریعہ میرپورخاص حیدرآباد جانے والی ماروی  ایکسپریس شامل ہیں۔ ٹرینوں کی اچانک بندش سے مزدوروں، طلبہ، سرکاری و نجی ملازمین اور دیگر مسافروں کو بڑا دھچکا لگا ہے ، کیونکہ یہ ٹرینیں کم کرایہ اور آسان سفر کے باعث عوام میں بے حد مقبول تھیں۔

میرپورخاص، ٹنڈوالہ یار، چھور، کھوکھراپار، پتھورو، شادی پلی، بلوچ آباد، عبداللہ آباد اور دیگر علاقوں کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ ٹرین سروس بند ہونے کے بعد مسافروں کو نجی ٹرانسپورٹ مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے جہاں من مانے کرائے وصول کیے جا رہے ہیں، عیدالفطر کی آمد کے پیش نظر صورتحال مزید تشویشناک ہو گئی ہے ، ہر سال عید کے موقع پر کراچی اور حیدرآباد سے بڑی تعداد میں لوگ اپنے آبائی علاقوں کا رخ کرتے ہیں، مگر ٹرین سروس معطل ہونے کے باعث مسافر مہنگے کرایوں پر بسوں اور کوچز میں سفر کرنے پر مجبور ہیں۔ بعض مقامات پر رش کے باعث مسافروں کو بسوں کی چھتوں پر سفر کرتے بھی دیکھا جا رہا ہے جو کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے ۔ شہریوں عبدالرؤف، نظام الدین، مبارک علی اور دیگر کا کہنا تھا کہ دونوں ٹرینوں کی اچانک بندش نے عوام کو سستی اور محفوظ سفری سہولت سے محروم کر دیا ہے ۔

ماروی ایکسپریس تھر کے آخری ریلوے اسٹیشن کھوکھراپار سے روانہ ہو کر میرپورخاص کے راستے حیدرآباد جاتی تھی اور شام کو واپس آتی تھی، جبکہ مہران ایکسپریس روزانہ صبح سویرے میرپورخاص سے کراچی روانہ ہوتی اور رات کے وقت واپس میرپورخاص پہنچتی تھی، جس سے ہزاروں مسافر روزانہ مستفید ہوتے تھے ۔ تاجروں کا کہنا تھا کہ ریلوے کارگو سروس بھی تقریباً ختم ہو چکی ہے اور مال بردار ڈبے بھی بند کر دیے گئے ہیں، جس کے باعث سستے داموں سامان کی ترسیل کا اہم ذریعہ ختم ہو گیا ہے ۔شہریوں، تاجروں اور سماجی حلقوں نے حکومت اور پاکستان ریلوے حکام سے مطالبہ کیا کہ عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر بند کی گئی مسافر ٹرینوں کے ساتھ ساتھ کارگو سروس بھی بحال کی جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں