جنگ کے آغاز سے اب تک تیل کے 9 جہاز پاکستان پہنچ چکے
پونے 6لاکھ میٹرک ٹن خام تیل ، 61ہزار میٹرک ٹن گیس درآمد ،شپنگ کارپوریشن
کراچی ،اسلام آباد(کامرس رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن نے کہاہے جنگ کے آغاز سے اب تک تیل کے 9 جہاز پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ ترجمان کے مطابق اس دوران تقریباً پونے 6 لاکھ میٹرک ٹن خام تیل ملک میں لایا گیا جبکہ 61 ہزار میٹرک ٹن گیس آئل بھی درآمد کیا گیا۔ بین الاقوامی فریٹ ریٹس میں اضافے کے باوجود قومی جاری جغرافیائی و سیاسی کشیدگی اور رکاوٹوں کے باوجود پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن نے ملک کو توانائی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی ،پی این ایس سی نے ہائی رسک ایریا کی حدود میں توسیع کے باوجود جو بحیرۂ احمر، فجیرہ اور صحار تک پھیل چکی ہیں اپنی کارروائیاں جاری رکھیں جبکہ متعدد غیر ملکی جہازوں نے ان علاقوں میں کام کرنے سے گریز کیا۔پی این ایس سی کی یہ کارکردگی اس امر کو اجاگر کرتی ہے کہ بحرانی حالات میں پاکستانی پرچم بردار جہاز اور قومی عملہ ملک کی سپلائی چین کو برقرار رکھنے میں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ کارپوریشن درآمد کنندگان اور برآمد کنندگان کو ترغیب دیتی ہے کہ وہ طویل مدت میں قومی جہازرانی خدمات سے استفادہ کریں تاکہ بحری خود انحصاری کو فروغ دیا جا سکے اور مشکل حالات میں تسلسل یقینی بنایا جاسکے ۔