ملک و قوم کی خاطر حکومت جدوجہد میں مصروف : رانا تنویر
عوام کو ریلیف کی ہماری کوششوں پر ایران امریکا جنگ نے پانی پھیر دیا
کالا شاہ کاکو(نامہ نگار)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف صبح چار سے رات گیارہ بجے تک کام کرتے ہیں اور کابینہ کو شہباز سپیڈ کے ساتھ چلنے کے لیے سخت محنت کرنا پڑتی ہے تاہم ملک و قوم کی خاطر حکومت کا ہر فرد جدوجہد میں مصروف ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے دو سال تک محنت کرکے عوام کو ریلیف دینے کی تیاری کی مگر بد قسمتی سے امریکا ایران جنگ چھڑ گئی جس نے ہماری کوششوں پر پانی پھیر دیا ۔رانا احمد عتیق انور ،رانا ماجد نواز کے ہمراہ اپنے آبائی گاؤں ننگل کسوالہ میں عید کی نماز اداکرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو، فیروزوالہ بار کے سیکرٹری سبطین گجر اور سابق چیئرمین بلدیہ نارنگ منڈی ملک محمد یوسف کی طرف سے عید ملن پارٹیوں کے دوران اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ ایران امریکا جنگ اگر جلد بند نہ ہوئی تو پاکستانی قوم کو قربانی کیلئے تیار رہنا ہو گا۔ وزیر اعظم نے ضرورت کے با وجود پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرکے عوام کا ساتھ دیا۔