پٹرولیم ذخائر تسلی بخش، قلت کا کوئی خدشہ نہیں: کابینہ کمیٹی
خام تیل اور ریفائنڈ مصنوعات کی سپلائی چین مکمل طور پر مستحکم اورمعمول کے مطابق مارکیٹ اتار چڑھاؤ پر نظر، عوام کو پٹرول کی بلا تعطل فراہمی اولین ترجیح :وزارت خزانہ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ،آن لائن) پٹرولیم سے متعلق کابینہ کمیٹی نے کہا ہے کہ ملک میں تیل اورگیس کے ذخائرتسلی بخش سطح پرموجود ہیں ،کسی بھی قسم کی قلت کاکوئی خدشہ نہیں ۔ وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب کی زیر صدارت پٹرولیم قیمتوں اور سپلائی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے مانیٹرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں توانائی کی مجموعی صورتحال، عالمی منڈی کے رجحانات اور ملکی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے حکام نے بتایا کہ خام تیل اور ریفائنڈ مصنوعات کی سپلائی چین مکمل طور پر مستحکم ہے اور تمام عمل معمول کے مطابق جاری ہے۔
وزیر خزانہ نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ مارچ اور اپریل کے لیے پٹرولیم مصنوعات لے کر آنے والے جہازوں کی آمد کا شیڈول طے پا چکا ہے ۔ انہوں نے ملکی ریفائنریوں کو ہدایت جاری کی کہ وہ اپنی پوری پیداواری صلاحیت کے مطابق کام جاری رکھیں تاکہ مقامی طلب کو پورا کرنے میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ اور بدلتے ہوئے جغرافیائی و سیاسی حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بین الاقوامی اور مقامی قیمتوں کے درمیان فرق کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے تاکہ عوامی مفادات کا تحفظ کیا جا سکے ۔محمد اورنگزیب نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سپلائی چین اور قیمتوں کی مانیٹرنگ کا عمل مزید سخت کیا جائے۔