مسلم ممالک متحد ہو کر ایران کا ساتھ دیں : حافظ نعیم

 مسلم ممالک متحد ہو کر ایران کا ساتھ دیں : حافظ نعیم

پاکستان سعودیہ معاہدے میں خلیجی ریاستوں کو شامل ہونا چاہیے علما نے امت کو اتحاد کا سبق دینے کا مثبت کردار ادا کیا : پریس کانفرنس

لاہور (سیاسی نمائندہ ،نیوزایجنسیاں )امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ، اسرائیل فلسطینیوں پر مظالم بند کرے ، مسلم امہ اپنے مسائل کے حل کے لئے متحد ہو جائے ،ڈھائی سال سے جاری اسرائیلی کارروائیوں کے نتیجہ میں غزہ ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا ، 90 ہزار انسانوں کو اسرائیل نے قتل کیا جس میں 70 فیصد عورتیں اور بچے شامل ہیں ، منصورہ میں پریس کانفرنس کے د وران انہوں نے کہا کہ عید الفطر کے موقع پر بھی درجنوں فلسطینیوں کو شہید کیا گیا۔ ایران میں بھی بچیوں کے سکول کو نشانہ بنایا گیا ۔ سپریم لیڈر آیت اﷲ خامنہ ای سمیت ایرانی لیڈر شپ کو بھی شہید کیا گیا، جس دن ایران نے بڑے حملے کئے اور ان کی دفاعی تنصیبات کو نقصان پہنچا یاتو یہ مذاکرات پر آ گئے۔

جنگ کو ختم ہونا چاہیے تاہم ان قوتوں کو شکست ہو چکی ہے، پاکستانی عوام اس وقت جنگ اور مہنگائی سے نجات چاہتے ہیں۔ خارجہ پالیسی کے محاذ پر پاک سعودی عرب معاہدہ کو بڑھانا چاہیے اور اس میں دیگر ممالک اور خلیجی ریاستوں کو شامل ہونا چاہیے۔ اسرائیل گریٹر بننا چاہتا ہے اس کا راستہ روکنے کیلئے تمام مسلم ممالک بالخصوص خلیجی طاقتیں متحد ہوجائیں، ہم سب کو گروہی اور مذہبی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ایران کے ساتھ ہونا چا ہئے ۔جنگ کے خاتمہ کے فوری بعد ایران، پاکستان گیس پائپ لائن پر کام کا آغاز ہونا چاہیے، مفتی تقی عثمانی، مولانا فضل الرحمن، مولانا ثاقب رضا مصطفائی، مولانا طارق جمیل، مفتی منیب الرحمن سمیت دیگر علما نے امت کو اتحاد کا سبق دینے کا مثبت کردار ادا کیا ہے۔

  انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ تھرمل پاور پلانٹس بند کیے جائیں، آئی پی پیز کو بجلی نہ بنانے پر کی جانے والی ادائیگیاں روکی جائیں، پٹرولیم مصنوعات پر لیوی ختم کی جائے ، ممبران پارلیمنٹ کی تنخواہوں کو چھ سو فیصد اضافہ سے قبل والی حالت پر واپس لایا جائے ، سرکاری گاڑیاں تیرہ سو سی سی سے اوپر نہ ہوں، مریم نواز کا گیارہ ارب کا جہاز اور چیئرمین سینیٹ کی نو کروڑ کی گاڑی فروخت کرکے رقم قومی خزانہ میں جمع کرائی جائے جبکہ جنگ کے خاتمہ کے فوری بعد ایران، پاکستان گیس پائپ لائن پر کام کا آغاز کیاجائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں