مدت ختم ، سیز فائربرقرار رکھنا کابل کے رویہ سے مشروط
دراندازی بند اوردہشت گردی نہ ہوئی تو کارروائی نہیں کرینگے :سکیورٹی ذرائع
اسلام آباد(ذیشان یوسفزئی )پاکستان کی جانب سے افغانستان کے ساتھ سیز فائر کی مدت گزشتہ رات 12 بجے ختم ہو گئی لیکن اسلام آباد نے اس بات کا عندیہ دیا ہے کہ کابل کے ساتھ سیز فائر جاری رہنے کا امکان ہے، سکیورٹی ذرائع نے روزنامہ دنیا کو بتایا کہ پاکستان مشروط طور پر سیز فائر جاری رکھ سکتا ہے ،سیز فائربرقرار رکھنا کابل کے طرزِ عمل سے مشروط ہے ،ذرائع نے بتایا ہے کہ سیز فائر اسی صورت میں برقرار رہے گا اگر افغانستان کی جانب سے کوئی حملہ نہیں کیا جاتا اور اگر افغانستان سے دہشتگردی کا سلسلہ رکا رہا تو پاکستان بھی کوئی کارروائی نہیں کرے گا۔
افغانستان کے ساتھ سیز فائر برقرار رکھنے کی ایک شرط یہ بھی ہے کہ وہاں سے دراندازی رکی رہے ۔ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ پاکستان افغانستان کے خلاف آپریشنز ڈیفنس سٹر ٹیجی کے تحت کر رہا ہے اور تمام کارروائیاں آرٹیکل 51 کے تحت کی جاتی ہیں ، جب افغانستان کے اندر سے ٹی ٹی پی سمیت دیگر دہشت گرد گرو ہ کار روائیوں کرتے ہیں تو پاکستان ان کے محفوظ ٹھکانوں اور پناہ گاہوں سمیت ان کے ٹریننگ سینٹر کو نشانہ بناتا ہے لہذا جب تک افغانستان کے اندر سے پاکستان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوتی، کوئی حملہ نہیں کیا جائے گا۔