سپر فلڈ 2025 : متاثرہ شاہراہوں کی بحالی کے 4 منصوبے منظور
این ایچ اے کی جانب سے 4ارب 26کروڑ سے زائد فنڈز مختص کر دئیے گئے
اسلام آباد (ایس ایم زمان)نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے سپر فلڈ 2025 سے متاثرہ شاہراہوں کی بحالی اور تعمیرِ نو کے لئے چار بڑے منصوبوں کی ہنگامی بنیادوں پر منظوری دے دی، ان منصوبوں پر مجموعی طور پر 4 ارب 26 کروڑ 7 لاکھ 64 ہزار روپے لاگت آئے گی ،این ایچ اے کے مطابق ان منصوبوں میں سب سے بڑا حصہ ایم 5 موٹروے پر خرچ کیا جائے گا، جہاں 9 مختلف مقامات پر پلوں اور حفاظتی بندوں کی نئے ڈیزائن کے مطابق تعمیرِ نو کے لئے 2ارب 44 کروڑ 80 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔
اسی طرح این 115 جنوبی پنجاب میں حفاظتی بندوں اور متاثرہ مقامات کی مرمت کے لئے 85 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ،دریائے سندھ پر واقع لیہ تونسہ پل پر سیلاب سے بچاؤ اور عارضی بحالی کے کاموں کے لئے 33 کروڑ 5 لاکھ 93 ہزار روپے مختص کئے گئے ہیں۔مزید براں پاکپتن میں دریائے ستلج پر واقع بابا فرید پل کی بحالی کے لئے 63 کروڑ 21 لاکھ 71 ہزار روپے کی منظوری دی گئی ہے ، این ایچ اے نے ان منصوبوں کی نگرانی اور معیار کو یقینی بنانے کے لئے کنسلٹنٹس کی تعیناتی کی بھی منظوری دے دی ہے ۔ان منصوبوں کے تحت سیلاب سے متاثرہ شاہراہوں اور پلوں کو جلد از جلد مکمل طور پر بحال کیا جائے گا۔