اوورسیز پاکستانیوں کو پاسپورٹ کا فوری اجرا ترجیح ،محسن نقوی
مجرم یا ملزم کو ہر گز پاسپورٹ جاری نہ کرنے ،اضافی عملہ فوری فراہم کرنیکی ہدایت اہم اجلاس ، سپین میں پاکستان کے سفیر، قونصل جنرل بارسلونا کی وزیر داخلہ کو بریفنگ
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر ، این این آئی ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیو ں کو پاسپورٹ کا جلد اجرا اولین ترجیح ہے وزیر داخلہ ، وزیر اوورسیز پاکستانیز سالک حسین کی زیر صدار ت خصوصی اجلاس ہوا جس میں پاکستانیوں کیلئے سپینش ریذیڈنٹ کارڈ کے حصول کے حوالے سے پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ سپین میں غیر قانونی تارکین وطن کو قانونی حیثیت دینے کیلئے رجسٹریشن کے آغاز سے قبل پاکستانیوں کو پاسپورٹ اور دیگر کاغذات ایک ہفتے میں جاری کئے جائیں گے ،وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز سالک حسین نے کہا کہ سپین کی اس سکیم سے دیگر ممالک کے علاوہ تقریباً 15 ہزار پاکستانی فائدہ اٹھائیں گے جس پر انہوں نے سپین میں مقیم پاکستانیوں کو بھرپور سپورٹ فراہم کرنے پر وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا ،محسن نقوی نے کہا کہ مجرم یا مطلوب ملزم کو ہر گز پاسپورٹ جاری نہ کرنے اور سفارت خانے کو پاسپورٹ سیکشن کیلئے اضافی عملہ فوری فراہم کرنے کی ہدایت کی جبکہ نیشنل پولیس بیورو کی جانب سے کریکٹر سرٹیفکیٹ کی تصدیق کو سہل اور تیز کیا گیا ، اجلاس میں کہا گیا کہ پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ ترجیحی بنیادوں پر جاری کئے جا رہے ہیں، سپین میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظہور احمد اور قونصل جنرل بارسلونا نے وفاقی وزیر داخلہ کو تفصیلی بریفنگ بھی دی۔