بھارت میں پٹرول بحران ، پمپوں پر شہریوں کی لمبی قطاریں
ایندھن فراہمی میں رکاوٹ کے خدشے کے باعث عوام میں خوف و ہراس مودی کی پالیسیوں نے عوام کو پتھر کے دور میں پہنچا دیا ، پمپس پر پولیس تعینات
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)مودی سرکار کی ناقص پالیسیوں نے بھارتی عوام کو پٹرول کے شدید بحران میں دھکیل دیا ،خلیج میں کشیدگی کے باعث پوری دنیا توانائی کے بحران کا شکار ہے لیکن مودی سرکار کی ناقص و دوغلی پالیسیوں نے بھارتی عوام کو دوبارہ پتھر کے دور میں پہنچا دیا۔ خلیج ٹائمز کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ گیس کی شدید قلت کے باعث بھارت کے غریب طبقے کو ایک بار پھر لکڑی اور کوئلہ جلانے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے ۔ پٹرول کی قلت نے بھی عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے جہاں شہریوں کو ایندھن کے حصول کے لیے طویل قطاروں میں کھڑا ہونا پڑ رہا ہے ، موجودہ حالات میں بھارت کے غریب اور متوسط طبقے کے لیے روزمرہ زندگی گزارنا انتہائی مشکل ہو چکا ہے ، یہاں تک کہ ایک وقت کا کھانا پکانا بھی چیلنج بن گیا ہے ۔ بھارتی ریاست گجرات میں ایندھن کی قلت کے خدشے کے پیش نظر پٹرول پمپس پر پولیس تعینات کر دی گئی ہے جبکہ شہریوں میں ایندھن کی فراہمی میں ممکنہ رکاوٹ کے خدشے کے باعث خوف و ہراس پایا جا رہا ہے ۔