سفارتکاری اور مذاکرات میں احتیاط،رازداری اہم:دفتر خارجہ
میڈیا کو صرف سرکاری اعلامیے اور تصدیق شدہ معلومات کا ہی انتظار کرنا چاہیے خلیج فارس میں تنازع پر پاکستان بارے افواہوں سے پرہیز کیا جائے ،ترجمان
اسلام آباد (وقائع نگار،مانیٹرنگ ڈیسک )دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ سفارتکاری اور مذاکرات میں احتیاط اور رازداری بنیادی اہمیت رکھتی ہے ، میڈیا میں گردش کرنے والی جعلی خبروں کو قیاس آرائیاں اور غیر مصدقہ معلومات قرار دیتے ہوئے ترجمان وزارت خارجہ طاہر اندرابی نے میڈیا کو ہدایت کی ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ اور خلیج فارس میں جاری تنازعات کے حوالے سے پاکستان کے بارے میں چلائی جانے والی افواہوں اور قیاس آرائیوں سے پرہیز کریں، انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی سفارتی یا مذاکراتی کارروائی کے حوالے سے خفیہ معلومات کا تحفظ ضروری ہے اور میڈیا کو صرف سرکاری اعلامیے اور تصدیق شدہ معلومات کا انتظار کرنا چاہیے ، انہوں نے میڈیا سے درخواست کی کہ قیاس آرائی سے گریز کیا جائے اور کسی بھی فیصلے یا نتائج کے حوالے سے صرف سرکاری اعلان کا انتظار کیا جائے ۔