بجلی کے ملٹی سلیب ٹائم آف یوز صنعتی ٹیرف پر مشاورت شروع
اسلام آباد(نامہ نگار، اے پی پی)وزارتِ توانائی کے زیرِ اہتمام ملٹی سلیب ٹائم آف یوز صنعتی ٹیرف نظام کے مجوزہ مسودے پر اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک بھر کے صنعتی شعبے سے تعلق رکھنے والے نمایاں اسٹیک ہولڈرز، ایف پی سی سی آئی، اپٹما، ایل سی سی آئی سمیت بڑے صنعتی صارفین اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران انجینئر سید فیضان علی، عمار حبیب، رمشا ریحان، عابد لودھی اور نوید نے مجوزہ ٹیرف پیکیج کی اہم خصوصیات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ یہ نظام صنعتی صارفین کے لیے اختیاری بنیادوں پر متعارف کرایا جائے گا اور اسے لازمی قرار نہیں دیا جائے گا۔بریفنگ میں کہا گیا کہ مجوزہ نظام میں نسبتاً زیادہ فکسڈ چارجز شامل کیے گئے ہیں تاکہ کیپسٹی لاگت کی وصولی ممکن بنائی جا سکے ، جبکہ تین مختلف ٹائم آف یوز سلیبز کے تحت کم متغیر نرخ متعارف کرانے کی تجویز ہے تاکہ آف پیک اور شمسی پیداوار کے اوقات میں بجلی کے استعمال کو فروغ دیا جا سکے۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اس ٹیرف کا انتخاب کرنے والے صنعتی صارفین کے لیے سمارٹ میٹرز کی تنصیب یقینی بنائی جائے گی۔صنعتی نمائندگان نے منظور شدہ لوڈ، صنعتوں کی اقسام، فکسڈ چارجز کی شرح اور ایف سی اے و کیو ٹی اے ایڈجسٹمنٹس کے طریقہ کار سے متعلق اہم تجاویز پیش کیں۔اجلاس میں شریک صنعتی تنظیموں کے نمائندگان نے اسٹیک ہولڈرز کو بروقت شامل کرنے کے اقدام کو سراہا اور ٹیرف نظام کو حتمی شکل دینے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔وزارتِ توانائی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی آرا کو حتمی ٹیرف ڈھانچے میں شامل کیا جائے گا اور مشاورتی عمل آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔