میچز کی وجہ سے پولیس کی عیاشیاں شروع ہو گئیں : چیف جسٹس

 میچز کی وجہ سے پولیس کی عیاشیاں شروع ہو گئیں : چیف جسٹس

عدالت کا سڑکوں کی بندش اور فراڈ کے ملزم کو پیش نہ کرنے پر اظہار برہمی پی ایس ایل کے دوران سڑکوں کی بندش کیخلاف متفرق درخواست بھی دائر

لاہور(کورٹ رپورٹر ،این این آئی)لاہور ہائیکورٹ کی چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے پی ایس ایل میچ کے دوران سڑکیں بند کرنے اور ملزم کو عدالت پیش نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا، چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے 4 کروڑ کی پراپرٹی ہتھیانے کے خلاف دائر فراڈ کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ عدالت نے درخواست ضمانت پر روزانہ کی بنیاد پر ٹرائل کا حکم دیا، پی ایس ایل میچوں کے دوران سکیورٹی کی بنیاد پر ملزم علی امیر کو عدالت پیش نہیں کیا جاتا، ٹرائل تاخیر کا شکار ہورہا ہے ، استدعا ہے عدالت ملزم کی درخواست ضمانت منظور کرے۔

چیف جسٹس عالیہ نیلم نے استفسار کیا کہ پولیس نے ملزم کو عدالت پیش کیوں نہیں کیا؟، پی ایس ایل میچز کی وجہ سے پولیس کی عیاشیاں شروع ہوگئیں۔عدالت نے چیف سیکرٹری پنجاب اور ہوم سیکرٹری کو فوری طلب کر لیا۔ دریں اثنائپی ایس ایل کے دوران سڑکوں کی بندش کیخلاف جوڈیشل ایکٹوازیم پینل کے سربراہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کردی ہے ، جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ وی وی آئی پی موؤمنٹ کے نام پر سڑکوں بند کردیا جاتا ہے ، استدعا ہے عدالت سڑکوں کی بندش ختم کرنے کا حکم دے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں