وزارت آ ئی ٹی کا خصوصی پے سکیل میں 7 ماہرین بھرتی کرنیکا فیصلہ
کوانٹم کمپیوٹنگ، بلاک چین، انٹرنیٹ آف تھنگز شعبوں میں ایکسپرٹ لیے جا ئینگے امیدواروں کیلئے کمپیوٹر سائنس، فزکس یا انجینئرنگ میں ماسٹر ڈگری ، 7سال کا تجربہ لازم
اسلام آباد (ایس ایم زمان)وزارت آ ئی ٹی نے جدید آئی سی ٹی انفراسٹرکچر منصوبے کے لیے مختلف ٹیکنالوجیز میں ماہرین کی بھرتیوں کا فیصلہ کیا ہے ۔ وزارت آ ئی ٹی سپیشل پروفیشنل پے سکیل میں کل 7 مختلف اسامیوں پر ماہرین کی تقرری کرے گی ۔ ان اسامیوں میں کوانٹم کمپیوٹنگ، بلاک چین اور انٹرنیٹ آف تھنگز کے شعبوں میں ایک ایک ایکسپرٹ جبکہ کوانٹم کمپیوٹنگ، بلاک چین، آئی او ٹی اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس و مشین لرننگ کے شعبوں میں ایک ایک ریسرچ ایسوسی ایٹ کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
ایکسپرٹ لیول کی اسامیوں کے لیے ایس پی پی ایس تھری سکیل مقرر کیا گیا ہے جس کے لیے امیدواروں کا متعلقہ شعبے جیسے کمپیوٹر سائنس، فزکس یا انجینئرنگ میں ماسٹرز یا اس کے مساوی ڈگری کا حامل جبکہ ان کے پاس کم از کم 7 سال کا پیشہ ورانہ تجربہ بھی ہوناضروری ہے ۔ کوانٹم کمپیوٹنگ کے ماہرین کی ذمہ داریوں میں قومی حکمت عملی کی تیاری اور سائبرسکیورٹی کے فریم ورک کو بہتر بنانا شامل ہوگا جبکہ بلاک چین کے ماہرین ویب تھری اور ڈیجیٹل لیجر سلوشنز کے حوالے سے پالیسی سازی میں معاونت کریں گے ۔ انٹرنیٹ آف تھنگز کے ماہرین سمارٹ انفراسٹرکچر اور زراعت و صنعت کے شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی کے نفاذ کے لیے کام کریں گے ۔ ریسرچ ایسوسی ایٹس کے لیے ایس پی پی ایس فور سکیل میں ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی جو آرٹیفیشل انٹیلیجنس، مشین لرننگ اور ڈیٹا اینالیٹکس کے عہدوں پر تعینات کیے جائیں گے۔