تاجروں کے جائز مسائل حل کیلئے پرعزم، چیئرمین ایف بی آر

تاجروں کے جائز مسائل حل کیلئے  پرعزم، چیئرمین ایف بی آر

کراچی (کامرس رپورٹر) چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) راشد محمود لنگڑیال نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ، کاروباری برادری کو ٹیکس و تجارتی امور میں سہولت فراہم کرنے اور درپیش حقیقی مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر کے سی سی آئی کے سینئر نمائندگان نے کراچی کی کاروباری برادری کو درپیش اہم مسائل پرتفصیلی بریفنگ دی، جس پر چیئرمین ایف بی آر نے متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کی ہدایت جاری کر دی۔ چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا ادارہ کاروباری برادری کے جائز مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے ، تاجروں کے تحفظات کا بغور جائزہ لے کر انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تمام جائز ٹیکس ریفنڈ کلیمز کو قانونی تقاضوں اور قواعد و ضوابط کی تکمیل کے تحت بروقت نمٹایا جائے گا، جبکہ واجب الادا ٹیکسز کی وصولی متعلقہ قوانین کے مطابق یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایف بی آر میں بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل جاری رکھاجائے گا اور بدعنوانی میں ملوث افسران کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ چیئرمین ایف بی آر نے افسران کو ہدایت کی کہ ٹیکس دہندگان کے لیے غیر ضروری رکاوٹیں پیدا نہ کی جائیں اور کاروباری سرگرمیوں کو آسان بنانے کے لیے سہولت کاری کو فروغ دیا جائے ۔ انہوں نے کاروباری برادری سے بھی اپیل کی کہ ایف بی آر کے نظام میں بدعنوانی کے کسی بھی واقعہ کی اطلاع مستند شواہد کے ساتھ فراہم کریں تاکہ مؤثر کارروائی عمل میں لائی جا سکے ۔اس موقع پر ممبر کسٹمز آپریشنز، چیف کلکٹر کسٹمز اپریزمنٹ اور چیف کمشنر ایل ٹی او بھی چیئرمین ایف بی آر کے ہمراہ موجود تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں