سرکاری مراعات ، اخراجات فوری کم کیے جائیں:حافظ نعیم

 سرکاری مراعات ، اخراجات فوری کم کیے جائیں:حافظ نعیم

عالمی حالات کے اثرات عوام پر منتقل کئے جا رہے ،حکمرانوں کی عیاشیاں برقرار پٹرولیم لیوی کی مد میں غریب طبقہ سالانہ 900 ارب ادا کرنے پر مجبور :بیان

لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے حکومت سے سرکاری مراعات اور اخراجات میں فوری کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی جنگی حالات کے اثرات عوام پر منتقل کئے جا رہے ہیں جبکہ اس کے برعکس حکمران طبقہ اپنی عیاشیاں برقرار رکھے ہوئے ہے ۔منصورہ سے جاری بیان میں امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ علامتی اور نمائشی اقدامات سے عوام کو کوئی ریلیف نہیں ملا بلکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ نے مہنگائی کے بوجھ میں مزید اضافہ کر دیا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ 28 دن کا سٹاک موجود ہونے کے باوجود پٹرول کی فی لٹر قیمت میں 55روپے اضافہ سمجھ سے بالاتر ہے ، اس اقدام سے قومی خزانہ کو نہیں صرف آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو فائدہ پہنچا۔حافظ نعیم نے پٹرولیم لیوی میں اضافے کو بھی شدید  تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے عوام پر ظلم قرار دیتے ہوئے کہا کہ لیوی کا پٹرول کی اصل قیمت سے کوئی تعلق نہیں، مگر اس مد میں غریب اور متوسط طبقہ سالانہ تقریباً 900 ارب روپے ادا کرنے پر مجبور ہے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کیلئے خریدے گئے لگژری طیارے اور چیئرمین سینیٹ کیلئے مہنگی گاڑی خریدنے پر بھی سخت اعتراض کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ یہ اثاثے فوری فروخت کر کے رقم قومی خزانے میں جمع کرائی جائے ،پنجاب حکومت وزرا اور بیوروکریٹس کیلئے نئی گاڑیوں کی خریداری بھی فوری طور پر روکے ۔انہوں نے مزید کہا کہ فری بجلی اور فری پٹرول جیسی مراعات کا خاتمہ معیشت کیلئے مثبت قدم ہوگا ، اراکین اسمبلی کی تنخواہوں میں 600 فیصد تک اضافہ بھی ناقابل قبول ہے ،اشرافیہ کی عیاشیوں کا بوجھ قوم مزید برداشت نہیں کر سکتی،حکومت فوری طور پر عوام کو ریلیف فراہم کرے اور غیر ضروری اخراجات ختم کر کے قومی وسائل کا درست استعمال یقینی بنائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں