پاکستان ، عمان میں توانائی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق

پاکستان ، عمان میں توانائی تعاون  کو مزید وسعت دینے پر اتفاق

اسلام آباد (دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور عمان نے بدلتی علاقائی صورتحال کے تناظر میں توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان میں تعینات سلطنتِ عمان کے سفیر فہد بن سلیمان بن خلف الخروصی نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں خطے کی توانائی صورتحال اور باہمی تعاون کے فروغ کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر نے توانائی کے شعبے میں شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔علی پرویز ملک نے عمانی سفیر کو پاکستان کی جانب سے توانائی درآمدات میں تنوع اور سپلائی کو مستحکم بنانے کی جاری کوششوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے کی بدلتی صورتحال کے پیش نظر آبنائے ہرمز سے باہر متبادل راستوں اور ذرائع سے تیل درآمد کے اقدامات کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مارچ کے دوران عمان کی بندرگاہوں سے پٹرول کے تین جبکہ ڈیزل کا ایک کارگو درآمد کیا جا چکا ہے، جبکہ مزید دو کارگو بھی متوقع ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عمان پاکستان کی پٹرولیم کارگو کی ترجیحی فراہمی کی درخواست پر مثبت غور کرے گا۔اس موقع پر عمانی سفیر فہد بن سلیمان بن خلف الخروصی نے پاکستان کی توانائی ذرائع میں تنوع کی پالیسی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ عمان پاکستان کی توانائی سلامتی کو مضبوط بنانے کے لیے مکمل تعاون کو تیار ہے اور پاکستان کی درخواست پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔ملاقات میں اپ اسٹریم شعبے ، بالخصوص تیل و گیس کی تلاش اور پیداوار کے منصوبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) اور عمان ٹریڈنگ کمپنی (او کیو ٹی)کے درمیان اضافی تیل کارگو کی فراہمی کے حوالے سے تعمیری مذاکرات جاری ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں