عوام توانائی بچت مہم میں بڑھ چڑھ کر شامل ہوں:مریم نواز
وزیراعلیٰ کا آج’’ارتھ آور‘‘منانے کا اعلان،رات ساڑھے 8بجے ایک گھنٹے کیلئے غیر ضروری لائٹس بند تھیٹر صرف تفریح نہیں ، معاشرے کا آئینہ ، حکومت فنکاروں کو مالی تحفظ فراہم کررہی :عالمی دن پرپیغام
لاہور(خبرنگار،نیوزایجنسیاں) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبہ بھر میں آج ‘‘ارتھ آور’’منانے کا اعلان کیا ہے ۔ پنجاب بھر میں رات ساڑھے 8سے ساڑھے 9بجے تک غیرضروری روشنیاں گل کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے عوام سے ارتھ آور منانے کی اپیل کی اورانکی ہدایت پر سینئر منسٹر مریم اورنگزیب صوبہ بھر میں ارتھ آور مہم کی مانیٹرنگ کرینگی۔ ارتھ آور منانے کی مہم میں اشتراک کار کیلئے سیکرٹری ماحولیات کو فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ عوام توانائی کی بچت کی مہم میں بڑھ چڑھ کر شامل ہوں۔ نوجوان بھی دنیا بھر میں توانائی کے تحفظ کی کمپین کا حصہ بنیں۔ نئی نسل کو محفوظ اور صاف ماحول فراہم کرنے کے لئے اجتماعی کاوش ضروری ہے ۔ ارتھ آور مہم کا مقصد توانائی کے محفوظ استعمال کا عوامی شعور بیدار کرنا ہے ۔ ماحول کو ترجیحات میں شامل کرنے کے لئے ڈبلیو ڈبلیو ایف کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تھیٹر کے عالمی دن پر اپنے خصوصی پیغام میں کہاکہ پنجاب میں تھیٹرکے فنکاروں کی حوصلہ افزائی اور ثقافتی تبادلے کو فروغ دیا جارہا ہے ۔ حکومت تھیٹر کی بحالی، فنکاروں کی فلاح و بہبوداور مالی تحفظ فراہم کررہی ہے ۔ سال 2026 کا مرکزی موضوعTheatre and a Culture of Peaceہے ، جو امن کے فروغ میں تھیٹر کے کردار پر زور دیتا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے تمام تھیٹر آرٹسٹوں اور شائقین کو تھیٹر کے عالمی دن کی مبارکباد دی اور کہا کہ مستحق اور ضرورت مند فنکاروں کے لیے آرٹسٹ سپورٹ فنڈکا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔جس سے 1,831 فنکاروں کو اہل قرار دے کر مالی معاونت فراہم کریں گے ۔تھیٹر صرف تفریح نہیں بلکہ معاشرے کا آئینہ ہے ۔ تھیٹر معاشرتی اصلاح اور مثبت سوچ کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ تھیٹر انسانیت کو خود سے ملوانے کا بہترین ذریعہ ہے ۔سٹیج ایک ایسی دنیا ہے جہاں تخیل حقیقت بن کر سامنے آتا ہے ۔