نیشنل ویمنز ٹی ٹونٹی ،سٹارز نے چیلنجرز کو 39 رنز سے ہرادیا
نیشنل ویمنز ٹی ٹونٹی ،سٹارز نے چیلنجرز کو 39 رنز سے ہرادیا سٹارز نے 4 وکٹوں پر 156 رنز بنائے ،چیلنجرز کی ٹیم 117 رنز پر آل آؤٹ
لاہور (سپورٹس ڈیسک)نیشنل ویمنز ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں سٹارز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیلنجرز کو 39 رنز سے شکست دے دی۔ سٹارز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے ۔ کپتان طوبی حسن نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے ناقابل شکست 57 رنز سکور کیے اور ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کے علاوہ کائنات حفیظ نے 34 اور سمیعہ آفتاب نے 33 رنز کی اہم اننگز کھیلیں۔ چیلنجرز کی جانب سے زوناش عبد الستار نے 34 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں چیلنجرز کی ٹیم خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکی اور پوری ٹیم 17 اوورز میں 117 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ نتالیا پرویز 39 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہیں، تاہم وہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں۔ سٹارز کی جانب سے عمیمہ سہیل نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے صرف 12 رنز دے کر 4کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ٹورنامنٹ کا دوسرا میچ کل انوِنسبلز اور سٹرائیکرز کے درمیان غنی گلاس کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔