نادرا 60روز کیلئے مشکوک شناختی کارڈ بلاک کرسکے گا۔سینیٹ کمیٹی میں بل منظور
شناختی کارڈ حساس ،نیشنل سکیورٹی دستاویز ، غلط استعمال سکیورٹی ،معیشت دونوں کیلئے خطرہ ، وزارت داخلہ نادرا کو مؤثر آپریشنل اختیارات مل جائینگے ،مقصد مشتبہ غیر ملکیوں کے سی این آئی ،جرائم سے نمٹنا ہے
اسلام آباد (دنیا نیوز)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں حکومتی نادرا ترمیمی بل2026 منظور کر لیا گیا ،بل کے مطابق ترمیم کے تحت نادرا کو اختیار دیا جائے گا کہ وہ کسی بھی شخص کا کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) مشکوک ہونے ، شکایت ملنے یا تحقیقات کی ضرورت پڑنے کی صورت میں عارضی طور پر 60دن کیلئے بلاک یا ضبط کر سکے ، اس دوران کارڈ نادرا کی تحویل میں رہے گا۔متن میں کہا گیا تصدیقی رپورٹ آنے یا تحقیقات مکمل ہونے تک یہ پابندی جاری رہے گی، بل کا مقصد قومی سکیورٹی، غیر قانونی شہریت، جیسے مشتبہ غیر ملکیوں کے سی این آئی اور جرائم سے نمٹنا ہے ۔ دوسری جانب وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ شناختی کارڈ ایک حساس اور نیشنل سکیورٹی دستاویز ہے ، اِس کا غلط استعمال سکیورٹی اور معیشت دونوں کیلئے خطرہ ہے ، موجودہ قانون میں سنگین رکاوٹیں ہیں اس لئے نادرا کو فوری کارروائی کا اختیار نہیں ملتا۔ بل کے ذریعے نادرا کو مؤثر آپریشنل اختیارات مل جائیں گے ، کمیٹی سے منظوری کے بعد اب یہ بل سینیٹ کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا، جہاں بحث اور ووٹنگ کے بعد منظور ہونے کی صورت میں قانون بن جائے گا۔